وزیراعظم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کی سمری ایوانِ صدر بھجوا دی
اسلام آباد (صداۓ روس)
وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز تقرری کی سمری باضابطہ منظوری کے بعد ایوانِ صدر بھجوا دی ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر پاکستان کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز ہوں گے، اور یہ نیا عہدہ ملک کی اعلیٰ عسکری قیادت کے ڈھانچے میں اہم اسٹریٹجک تبدیلی تصور کیا جا رہا ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر آئندہ پانچ برس کے لیے چیف آف ڈیفنس فورسز کی ذمہ داریاں نبھائیں گے، جبکہ وہ اسی مدت میں چیف آف آرمی اسٹاف کے منصب پر بھی برقرار رہیں گے۔ مزید برآں، وزیراعظم نے چیف آف ائیر اسٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدتِ ملازمت میں دو سال کی توسیع کی منظوری بھی دے دی ہے۔ یہ توسیع ان کی موجودہ پانچ سالہ مدت کے اختتام، یعنی مارچ 2026، کے بعد نافذ ہوگی۔ حکومتی حلقوں کے مطابق دونوں تقرریاں اور توسیع ملکی دفاعی قیادت کے استحکام اور تسلسل کو یقینی بنانے کے لئے کی گئی ہیں۔