وزیرِاعظم شہباز شریف کا صنعتوں کے لیے بجلی کی قیمت میں کمی کا اعلان

electric pole electric pole

وزیرِاعظم شہباز شریف کا صنعتوں کے لیے بجلی کی قیمت میں کمی کا اعلان

اسلام آباد (صداۓ روس)
وزیرِاعظم شہباز شریف نے صنعتوں کے لیے بجلی کے ٹیرف میں چار اعشاریہ چار روپے فی یونٹ کمی کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان انہوں نے اسلام آباد میں ملک کے نمایاں برآمد کنندگان اور کاروباری شخصیات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ وزیرِاعظم نے صنعتوں کے لیے ویلنگ چارجز میں نو روپے کمی اور برآمد کنندگان کے لیے ٹیکس کی شرح ساڑھے سات فیصد سے کم کر کے ساڑھے چار فیصد کرنے کا بھی اعلان کیا۔ تقریب میں قومی معیشت میں نمایاں کردار ادا کرنے والے برآمد کنندگان میں ایوارڈز تقسیم کیے گئے۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ برآمد کنندگان کی خدمات قابلِ تحسین ہیں اور ان کی شبانہ روز محنت نے پاکستان کا نام روشن کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل حالات کے باوجود برآمد کنندگان نے بہترین کارکردگی دکھائی اور دو ہزار پچیس میں ملکی برآمدات میں نمایاں اضافہ کیا، جس کے نتیجے میں ملک میں اربوں ڈالرز آئے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ ماضی میں پاکستان کے بارے میں دیوالیہ ہونے کے خدشات ظاہر کیے جاتے رہے، حتیٰ کہ یہ کہا گیا کہ ملک تکنیکی طور پر ڈیفالٹ کر چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے اقتدار سنبھالا تو معاشی صورتحال نہایت ابتر تھی اور ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانا ایک بڑا چیلنج تھا۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی نے سخت مشکلات برداشت کیں تاہم اب مہنگائی کی شرح میں بتدریج کمی آ رہی ہے۔ وزیرِاعظم کے مطابق بہتر معاشی پالیسیوں کے باعث ملکی زرِمبادلہ دگنا ہو چکا ہے اور حکومت کی کاوشوں سے معاشی استحکام ممکن ہوا۔ انہوں نے دوست ممالک کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ معاشی استحکام کے لیے مختلف ممالک کی قیادت سے ملاقاتیں کی گئیں اور مشکل فیصلوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت بزنس نہیں کرتی بلکہ بزنس نجی شعبے کا کام ہے، حکومت کا کردار سہولت کاری تک محدود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم کے تمام وزراء انتھک محنت سے ملکی ترقی کے لیے کام کر رہے ہیں اور سیاسی و عسکری تعاون سے ترقی کے تمام راستے کھل رہے ہیں۔

Advertisement