وزیراعظم شہباز شریف نے صدر ٹرمپ کو امن کا علمبردار قرار دیا

Shahbaz Sharif Shahbaz Sharif

وزیراعظم شہباز شریف نے صدر ٹرمپ کو امن کا علمبردار قرار دیا

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اوول آفس میں اہم ملاقات کی، جو ایک گھنٹہ 20 منٹ تک جاری رہی۔ وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ ملاقات خوشگوار اور گرمجوش ماحول میں ہوئی، جس میں علاقائی اور عالمی حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کو ’’امن کا علمبردار‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر دنیا بھر میں تنازعات کے خاتمے کے لیے مخلصانہ اور جرات مندانہ کوششیں کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کی قیادت کو دلیرانہ اور فیصلہ کُن قرار دیتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ ان کی کاوشوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور ممکنہ بڑے تصادم کو ٹالنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ وزیراعظم نے غزہ میں جنگ کے فوری خاتمے کے لیے صدر ٹرمپ کی کوششوں کو سراہا۔ اس موقع پر انہوں نے اس اقدام کی بھی تعریف کی جس کے تحت امریکی صدر نے نیویارک میں مسلم دنیا کے اہم رہنماؤں کو ایک ساتھ مدعو کیا تاکہ مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جا سکے۔ وزیراعظم ہاؤس کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا اور یہ عزم ظاہر کیا گیا کہ دونوں ممالک مستقبل میں خطے اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے لیے قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔ امریکی صدر سے ملاقات کے بعد وزیراعظم شہباز شریف واشنگٹن سے نیویارک پہنچ گئے ہیں جہاں وہ آج اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔

Advertisement