قومی یکجہتی پر100کالاباغ ڈیم بھی قربان، وزیراعظم شہباز شریف کا بڑا اعلان

Shahbaz Sharif Shahbaz Sharif

قومی یکجہتی پر100کالاباغ ڈیم بھی قربان، وزیراعظم شہباز شریف کا بڑا اعلان

اسلام آباد (صداۓ روس)
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران صوبائی ترقی، وفاقی یکجہتی اور متنازعہ منصوبوں پر کھل کر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں کی ترقی سے وفاق کو خوشی ہوگی اور اس میں کوئی دو رائے نہیں۔ جو چیز پاکستان اور وفاق کو مضبوط کرتی ہے، اس کے ساتھ ہیں، لیکن جو کمزور کرتی ہے، وہ کسی صورت قبول نہیں۔ کالا باغ ڈیم کے حوالے سے وزیراعظم نے غیر معمولی طور پر صاف اور حتمی موقف اختیار کیا۔ انہوں نے فرمایا کہ اگر کالا باغ ڈیم پر اتفاق رائے نہیں ہے تو قومی یکجہتی پر سو کالا باغ ڈیم بھی قربان ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو چیز پاکستان کے لیے مفید نہیں، اسے زبردستی نہیں تھوپا جا سکتا۔ یہ بیان اس تناظر میں اہم ہے کہ ماضی میں کالا باغ ڈیم قومی سیاست کا ایک بڑا متنازعہ مسئلہ رہا ہے، خاص طور پر خیبر پختونخوا اور پنجاب کے درمیان اختلافات کی وجہ سے۔ وزیراعظم کا یہ موقف وفاقی حکومت کی جانب سے صوبائی ہم آہنگی اور قومی اتحاد کو ترجیح دینے کی پالیسی کی عکاسی کرتا ہے۔