اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

امن کی راہ میں پیش رفت، دنیا پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے کیلئے کوشاں

اسلام آباد(صدائے روس)
پہلگام حملے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے عالمی طاقتیں بھرپور سفارتی کوششیں کر رہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ کشیدگی سے گریز کرتے ہوئے تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کریں۔ سعودی حکام کا کہنا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے تحمل اور سفارتکاری ہی بہترین راستہ ہے۔

کویت نے بھی اپنے ردعمل میں دونوں ممالک سے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے اور کسی بھی تصادم سے بچنے کی اپیل کی ہے۔ کویتی وزارت خارجہ کے مطابق کشیدہ صورتحال کا نقصان پورے خطے کو پہنچ سکتا ہے۔

دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سے علیحدہ علیحدہ ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ مارکو روبیو نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ کشیدگی کو بات چیت کے ذریعے ختم کیا جائے، اور بھارت کو خاص طور پر کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ مل کر کشیدگی میں کمی کی راہ ہموار کرے۔

ادھر ایران کی جانب سے بھی ثالثی کی پیشکش سامنے آئی ہے، جبکہ ترک صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترکی ہر مشکل گھڑی میں پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔

چین نے بھی پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی کی مکمل حمایت کا اظہار کیا ہے، اور عالمی امن کے فروغ میں تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا ہے۔

Share it :