پنجاب اسپتالوں کے سی سی ٹی وی کیمرے سیف سٹی اتھارٹی سے منسلک کرنے کا فیصلہ
لاہور(صداۓ روس)
پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے اسپتالوں کے سی سی ٹی وی کیمروں کو سیف سٹی اتھارٹی کے کنٹرول روم سے منسلک کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ جاری کردہ سرکاری مراسلے کے مطابق اسپتالوں کی ایمرجنسی اور آؤٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹس (او پی ڈی) میں نصب کیمرے سیف سٹی اتھارٹی کے سسٹم سے جوڑے جائیں گے۔ مراسلے میں تمام متعلقہ اسپتالوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سیف سٹی اتھارٹی کی تکنیکی ٹیموں کو مکمل تعاون اور سہولیات فراہم کریں۔ جہاں موجودہ کیمرے مناسب نہ ہوں یا ضرورت پڑے وہاں نئے کیمروں کی تنصیب بھی عمل میں لائی جا سکے گی۔ مراسلے کے مطابق یہ اقدام لاہور سمیت صوبے کے تمام اسپتالوں میں فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔ یہ فیصلہ اسپتالوں میں سیکیورٹی، مریضوں کی حفاظت اور بدعنوانی پر قابو پانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سیف سٹی کے کنٹرول روم سے لائیو مانیٹرنگ کے ذریعے ہنگامی حالات میں فوری ردعمل ممکن ہو جائے گا۔