وزیرِاعلیٰ پنجاب کا عید پر زائد کرایہ لینے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم

Bus Bus

اسلام آباد (صداۓ روس)

وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عید کے موقع پر مسافروں سے مقررہ کرایوں سے زائد رقم وصول کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ٹرانسپورٹ اڈوں اور بس اسٹینڈز پر کرایوں کے سرکاری نرخوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ مریم نواز نے روزہ دار مسافروں کی سہولت کے لیے ہدایت دی ہے کہ بس اڈوں پر افطار کا مناسب انتظام کیا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ انتظار گاہوں میں بیٹھنے کے لیے مناسب انتظامات کیے جائیں اور پنکھوں کی موجودگی کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ مسافروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ وزیرِاعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عید کے موقع پر اپنے گھروں کو جانے والے غریب مسافروں کے استحصال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہر بس اسٹینڈ پر کرایہ نامے نمایاں طور پر آویزاں کیے جائیں اور ان پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ بازاروں اور مارکیٹوں میں سماج دشمن عناصر کی نقل و حرکت کی کڑی نگرانی کی جائے تاکہ عوام کے لیے محفوظ ماحول برقرار رکھا جا سکے۔