بیجنگ میں دوسری جنگِ عظیم کی فتح کی تقریبات میں صدر پوتن کی شرکت
ماسکو(صداۓ روس)
بیجنگ میں دوسری جنگِ عظیم میں جاپانی سامراج کی شکست کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر شاندار فوجی پریڈ منعقد ہوئی جس میں روسی صدر ولادیمیر پوتن نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر دنیا کے مختلف ممالک کے سربراہان بھی شریک تھے۔ فوجی پریڈ کے اختتام کے بعد صدر پوتن نے چین، منگولیا، سلوواکیہ، پاکستان، سربیا، ازبکستان اور بیلاروس کے رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں کیں جن میں توانائی، تجارت، علاقائی امور اور روس کے ساتھ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ روسی اور چینی قیادت نے ایک دوسرے کو ’’اسٹریٹجک شراکت دار‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک سکیورٹی، ٹیکنالوجی، مالیات اور تحقیق سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو ’’بلا کسی حد‘‘ مزید گہرا کریں گے۔ چین اس وقت روس کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔
صدر ولادیمیر پوتن اور دیگر عالمی رہنما بیجنگ کے گریٹ ہال آف دی پیپل میں منعقدہ باضابطہ استقبالیہ تقریب میں بھی شریک ہوئے، جہاں دوسری جنگِ عظیم میں چینی عوام کی جاپانی جارحیت کے خلاف جدوجہد اور فاشزم کے خلاف عالمی فتح کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ صدر پوتن فوجی پریڈ کے اختتام کے فوراً بعد تیان آن من اسکوائر سے اس تقریب میں پہنچے۔ روس کی نمائندگی کرنے والے دیگر اعلیٰ حکام میں وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف، نائب وزیرِاعظم دیمتری چرنی شینکو، صدارتی انتظامیہ کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف میکسم اوریشکن، کریملن کے معاون یوری اوشاکوف، صدارتی ترجمان دیمتری پیسکوف، چین میں روسی سفیر ایگور مورگولوف، وزیر دفاع اندری بلیوسوف اور روسی فیڈرل سروس برائے عسکری و تکنیکی تعاون کے ڈائریکٹر دیمتری شوگایف شامل تھے۔