ماسکو (صداۓ روس)
روس کے صدر پوتن نے بہار کے تہوار نوروز کے موقع پر سی آئی ایس ممالک کے سربراہان اور ایران کی قیادت کو مبارک باد کے پیغامات بھیجے ہیں۔ یہ تہوار فطرت کے جاگنے اور بہار کے آغاز کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ کریملن کے مطابق صدر پوتن نے آذربائیجان، قزاقستان، کرغزستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کے صدور کو مبارک باد کے پیغامات ارسال کیے۔ اس کے علاوہ ترکمانستان کی قیادت کو بھی نوروز کی مبارک باد دی گئی۔ پیغامات میں روس اور ان ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی اعلیٰ سطح کا ذکر کیا گیا اور اس امید کا اظہار کیا گیا کہ مستقبل میں یہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ صدر پوتن نے ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای اور صدر مسعود پزشکیان کو بھی نوروز کے موقع پر مبارک باد پیش کی۔ اپنے پیغام میں انہوں نے ایرانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ موجودہ سخت آزمائشوں کا وقار کے ساتھ مقابلہ کریں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ماسکو ایران کا سچا دوست اور قابلِ اعتماد شراکت دار رہے گا۔
بین الاقوامی یومِ نوروز کو اقوام متحدہ نے 2010 میں تسلیم کیا تھا اور یہ ہر سال 21 مارچ کو منایا جاتا ہے۔ یہ دن موسمِ بہار کے آغاز اور شمسی تقویم کے مطابق نئے سال کی شروعات کی علامت ہے، جسے ایرانی اور ترک النسل اقوام خصوصی طور پر مناتی ہیں۔ سن 2009 میں نوروز کو اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو کی غیر مادی ثقافتی ورثے کی فہرست میں بھی شامل کیا گیا تھا، جس کے بعد اس تہوار کی عالمی سطح پر اہمیت مزید بڑھ گئی۔