صدر پوتن کی بحریہ کے دن پر نیول اہلکاروں کو مبارکباد
ماسکو ( صدائے روس)
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے اتوار کے روز “یومِ بحریہ” کی مناسبت سے روسی نیول افسران اور جوانوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے ایک ویڈیو خطاب میں کہا کہ روس کی بحریہ ایک صدیوں پر محیط شاندار ورثے کی حامل ہے، جو آج بھی مادرِ وطن کے دفاع میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ صدر پوتن نے کہا میں روس کے تمام فوجی ملاحوں کو یومِ بحریہ کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ آج ہم ان تمام نسلوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جرأت، فرض شناسی اور مادرِ وطن سے وفاداری کے ذریعے روسی بحریہ کو عظمت بخشی۔ ہم اُن تمام شہداء اور جانبازوں کو یاد کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر روس کو ایک عظیم بحری قوت بنانے میں کردار ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ روس کی بحریہ پیٹر اعظم کے زمانے سے قومی فخر کا باعث ہے اور روسی عوام کی نگاہ میں بحری اہلکاروں کو بے حد عزت و احترام حاصل ہے۔ صدر کے بقول، بحری خدمت ایک سخت اور خطرناک فریضہ ہے جو ہمت، دیانت اور بھائی چارے جیسے اوصاف کو فروغ دیتی ہے۔
خطاب میں صدر پوتن نے اس بات پر بھی زور دیا کہ روس جوہری آبدوزوں کے شعبے میں مسلسل ترقی کر رہا ہے۔ روسی جوہری سہ رخی کی بحری قوت مضبوط ہو رہی ہے۔ اس کا مرکز ہمارے جوہری آبدوزوں کا بیڑا ہے، جس کی صلاحیتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔ صدر نے بتایا ہم نے حال ہی میں ‘کروزیر کنیاژ پوزارسکی’ کی تعمیر مکمل کی ہے، جبکہ دو بورے-اے کلاس اور چھ یاسین-ایم کلاس کی آبدوزیں مختلف مراحل میں زیرِ تعمیر ہیں،۔ انہوں نے روسی نیول سائنسدانوں اور انجینئرز کی خدمات کو بھی سراہا، جنہوں نے جدید ترین ٹیکنالوجی کے ذریعے روس کی بحری صلاحیتوں کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے۔ صدر کا خطاب اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ روس اپنی دفاعی صلاحیتوں، خاص طور پر بحریہ کے شعبے میں، پُراعتماد انداز میں ترقی کے سفر پر گامزن ہے۔