صدر پوتن اور برازیلی ہم منصب کا یوکرین بحران پر ٹیلی فونک رابطہ
ماسکو (صداۓ روس)
روسی صدر پوتن نے ہفتے کے روز برازیل کے صدر لوئیز ایناسیو لولا ڈا سلوا سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ کریملن کے مطابق، اس گفتگو میں صدر پوتن نے اپنے برازیلی ہم منصب کو امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف کے ساتھ حالیہ ملاقات کے اہم نتائج سے آگاہ کیا۔ جاری بیان میں کہا گیا کہ برازیلی صدر نے یوکرین بحران کے حل کی کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ روس اور برازیل کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنایا جائے اور بریکس کے فریم ورک میں تعاون کو فروغ دیا جائے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ برازیل کی حمایت، یوکرین تنازع کے حل کے لیے جاری سفارتی کوششوں میں روس کے لیے اہم پیش رفت ہو سکتی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ماسکو مغربی ممالک کے دباؤ کے باوجود عالمی سطح پر اپنے اتحادی دائرے کو مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔