صدر پوتن کو غزہ ‘بورڈ آف پیس’ میں شمولیت کی امریکی دعوت موصول، کریملن

Putin Putin

صدر پوتن کو غزہ ‘بورڈ آف پیس’ میں شمولیت کی امریکی دعوت موصول، کریملن

ماسکو (صداۓ روس)
روس کے صدر ولادیمیر پوتن کو غزہ کے معاملے پر قائم ‘بورڈ آف پیس’ میں شمولیت کی دعوت موصول ہوئی ہے اور اس تجویز پر غور کیا جا رہا ہے۔ کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے صحافیوں کو یہ اطلاع دی۔ پیسکوف نے تاس نیوز ایجنسی کے سوال کے جواب میں کہا صدر پوتن کو واقعی سفارتی ذرائع سے اس بورڈ آف پیس میں شامل ہونے کی پیشکش موصول ہوئی ہے۔ ہم اس تجویز کی تمام تفصیلات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ “ہم امید کرتے ہیں کہ امریکی فریق سے رابطہ کیا جائے گا تاکہ تمام تفصیلات واضح ہو سکیں۔ اس سے قبل قازقستان کے صدر قاسم جومرت توکایف کے ترجمان نے بتایا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قازق صدر کو بھی غزہ کی انتظامیہ اور گورننس کے لیے قائم اس بورڈ میں شمولیت کی دعوت دی ہے اور قازقستان اس بورڈ کے بانی ممالک میں شامل ہو گا۔ قبل ازیں یہ اطلاع سامنے آئی تھی کہ متعدد دیگر ممالک کے رہنماؤں کو بھی امریکہ کی جانب سے اسی طرح کی پیشکش موصول ہوئی ہے۔ یہ بورڈ غزہ کے امن منصوبے کے دوسرے مرحلے میں کام شروع کرے گا۔ اکتوبر 2025 میں اسرائیل اور فلسطینی تحریک حماس کے درمیان مصر، قطر، امریکہ اور ترکی کی ثالثی سے طے پانے والے سیز فائر کے دوسرے مرحلے میں اس بورڈ کی تشکیل کا ارادہ ہے۔ اس مرحلے میں بین الاقوامی سیکیورٹی فورس کی تعیناتی، حماس کے غیر مسلح کرنے اور غزہ کی تعمیر نو جیسے اہم اقدامات شامل ہیں۔ کریملن کی جانب سے ابھی تک اس دعوت پر کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا ہے اور روسی حکام اس پیشکش کی تمام جہتوں کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔