روس میں 2026 کی فوجی تربیت کے لیے ریزروسٹوں کی طلبی کا صدارتی حکم جاری

Russian Military Russian Military

روس میں 2026 کی فوجی تربیت کے لیے ریزروسٹوں کی طلبی کا صدارتی حکم جاری

ماسکو(صداۓ روس)
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے 2026 کے لیے ریزروسٹ اہلکاروں کو فوجی تربیت میں طلب کرنے کا سالانہ صدارتی حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔ حکمنامے کے مطابق ریزروسٹوں کو روسی مسلح افواج، روسی نیشنل گارڈ، وزارتِ ہنگامی حالات کی بچاؤ یونٹس، ریاستی سیکیورٹی اداروں اور وفاقی سیکیورٹی سروس (FSB) کے تحت تربیتی مشقوں میں شامل کیا جائے گا۔ صدارتی فرمان کے تحت وفاقی حکومت اور علاقائی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ریزروسٹ شہریوں کی طلبی اور تربیتی سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے تمام انتظامی اقدامات کو یقینی بنائیں۔ حکم نامہ اپنی اشاعت کے روز ہی نافذ العمل ہو گیا ہے۔ روس میں ریزروسٹوں کی فوجی تربیت ایک معمول کا سالانہ عمل ہے جو ہر سال صدارتی فرمان کے ذریعے کیا جاتا ہے۔ اس حکم نامے کی بنیاد پر وزارتِ دفاع کا موبلائزیشن ڈیپارٹمنٹ ملک بھر کے فوجی بھرتی مراکز کے نام تفصیلی احکامات تیار کرتا ہے۔ اس کے بعد ریزروسٹ اہلکاروں کو باضابطہ سمن کی ترسیل کا عمل شروع ہوتا ہے جس میں انہیں مخصوص دورانیے کے لیے تربیتی مشقوں میں شریک ہونا ہوتا ہے۔ حکام کے مطابق یہ تربیت روسی مسلح افواج کی تیاری، مربوط صلاحیت اور ہنگامی حالات میں فوری ردِ عمل کی استعداد کو برقرار رکھنے کا ایک اہم حصہ ہے۔