روس میں لازمی فوجی سروس کے لیے خزاں میں نئی فوجی بھرتی شروع
ماسکو (صداۓ روس)
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے ایک صدارتی فرمان پر دستخط کر دیے ہیں جس کے تحت اکتوبر سے دسمبر 2025 کے دوران شہریوں کو لازمی فوجی خدمت کے لیے بھرتی کیا جائے گا۔ یہ اعلان روس کے سرکاری قانونی معلوماتی پورٹل پر جاری دستاویز میں کیا گیا۔ فرمان کے مطابق، یکم اکتوبر سے 31 دسمبر 2025 کے درمیان 18 سے 30 برس کے ایسے ایک لاکھ پینتیس ہزار شہری فوج میں بھرتی کیے جائیں گے جو ریزرو میں شامل نہیں ہیں اور لازمی فوجی سروس کے اہل قرار پاتے ہیں۔ دستاویز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ان دنوں کے دوران ایسے فوجی، ملاح، سارجنٹ اور دیگر عملہ جن کی لازمی سروس کی مدت مکمل ہو چکی ہے، انہیں فعال ڈیوٹی سے فارغ کر دیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے روسی حکومت، علاقائی حکام اور فوجی بھرتی کمیشنوں کو تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ بھرتی کے عمل کو مکمل طور پر یقینی بنایا جا سکے۔ مزید برآں، وفاقی وزراء، وفاقی سروسز اور ایجنسیوں کے سربراہان کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ماتحت اداروں میں کام کرنے والے شہریوں کی فوجی بھرتی کے انتظامات کریں۔
یہ اقدام روس کی مسلح افواج کی افرادی قوت کو باقاعدگی سے مکمل کرنے کے سلسلے کی ایک کڑی ہے، جو ہر سال موسم بہار اور خزاں میں لازمی بھرتی کے عمل کے ذریعے جاری رہتی ہے۔