خبریں ہوں یا تجزیے — عالمی منظرنامہ، صرف "صدائے روس" پر۔

LN

صدر پوتن نے قدرتی شہریت کے خاتمے سے متعلق نیا قانون منظور کرلیا

Putin

صدر پوتن نے قدرتی شہریت کے خاتمے سے متعلق نیا قانون منظور کرلیا

ماسکو (صداۓ روس)
روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے ایک نیا قانون منظور کرلیا ہے جس کے تحت غیر ملکی نژاد افراد کو حاصل شدہ روسی شہریت بعض سنگین جرائم کی صورت میں منسوخ کی جا سکے گی۔ اس قانون کے تحت ایسے ۷۲ جرائم کی فہرست جاری کی گئی ہے جن کے ارتکاب پر قدرتی شہریت سے محرومی ممکن ہوگی۔ نئے قانون کے مطابق انتہا پسندی، قتل، بچوں کے خلاف جنسی جرائم، روس کے خلاف غیر ملکی ریاستوں سے تعاون، اور ملک کی سلامتی کے خلاف سازش جیسے سنگین جرائم پر قدرتی شہریت منسوخ کی جا سکے گی۔ تفصیلات کے مطابق ایسے افراد جو دہشت گردی کی ترغیب دیں، اس کی حمایت کریں یا اس کا پرچار کریں، یا پھر روس کی اہم معلوماتی تنصیبات کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے جائیں، وہ بھی شہریت سے محروم کیے جا سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ کسی دشمن ریاست کو روس کے خلاف معاونت فراہم کرنے، ملکی سلامتی کے خلاف عوامی سطح پر اقدامات کی ترغیب دینے، نازی علامتوں کی تشہیر یا ان کی نمائش کرنے، اور ان بین الاقوامی تنظیموں یا ریاستی اداروں سے تعاون کرنے والوں کی شہریت بھی ختم کی جا سکتی ہے جو روس کی مخالفت میں سرگرم ہیں۔ یہ قانون ایسے افراد کے لیے سخت پیغام ہے جو روس میں رہتے ہوئے اس کے مفادات کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث ہوں۔ روسی حکام کا مؤقف ہے کہ یہ اقدام ملکی سلامتی اور خودمختاری کو محفوظ بنانے کے لیے ناگزیر تھا۔

شئیر کریں: ۔