صدر پوتن نے یورپ پر حملے کے الزامات کو اشتعال انگیزی قرار دے دیا
ماسکو(صداۓ روس)
بیجنگ میں سلوواکیہ کے وزیر اعظم رابرٹ فیکو سے ملاقات کے دوران صدر پوتن نے کہا کہ یورپ کی جانب سے روس کے مبینہ منصوبوں کے بارے میں دیے جانے والے بیانات یا تو اشتعال انگیزی ہیں یا پھر مکمل نااہلی کی علامت۔ صدر پوتن نے کہا وہ مسلسل یہ شور مچاتے رہتے ہیں کہ روس مبینہ طور پر یورپ پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ میرا خیال ہے کہ سمجھدار لوگوں کے لیے یہ بالکل واضح ہے کہ یہ یا تو اشتعال انگیزی ہے یا نااہلی۔ کوئی بھی عقل مند انسان یہ بات اچھی طرح جانتا ہے کہ روس نے کبھی کسی پر حملہ کرنے کا منصوبہ نہیں بنایا، نہ ہے اور نہ ہی کبھی ہوگا۔ انہوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ یوکرین تنازع دراصل مغرب کے رویے کی وجہ سے شروع ہوا، جبکہ روس کا بنیادی مقصد اپنے مفادات کا تحفظ ہے۔ صدر پوتن نے مزید کہا جہاں تک یورپ کے خلاف روس کے مبینہ جارحانہ منصوبوں کا تعلق ہے تو ایک بار پھر زور دے کر کہتا ہوں کہ یہ بے بنیاد اور فضول باتیں ہیں۔