قطر نے افغان سرزمین سے ٹی ٹی پی سرگرمیوں پر تشویش ظاہر کی، پاکستان

Khawaja Muhammad Asif Khawaja Muhammad Asif

قطر نے افغان سرزمین سے ٹی ٹی پی سرگرمیوں پر تشویش ظاہر کی، پاکستان

اسلام آباد(صداۓ روس)
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے واضح کیا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان سیز فائر کے لیے کسی خاص مدت کا تعین نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ جنگ بندی اُس وقت تک برقرار رہے گی جب تک اس کی خلاف ورزی نہیں کی جاتی۔ ایک بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے یہ بات نہایت واضح انداز میں رکھی گئی تھی کہ افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف کوئی دراندازی نہیں ہو گی اور نہ ہی تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کو کسی قسم کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس مؤقف کو بارہا دہراتا رہا ہے جبکہ افغانستان مسلسل اس کی تردید کرتا آیا ہے۔ وزیر دفاع کے مطابق ترکیہ اور قطر نے اس جانب توجہ دلائی کہ تنازع کی بنیادی جڑ یہی ہے کہ افغان سرزمین یا اُس کی سرپرستی پاکستان میں ٹی ٹی پی کی کارروائیوں کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان نے افغان حکام کو باور کرایا ہے کہ جنگ بندی صرف ایک بنیادی شرط سے مشروط ہے — اگر اس شرط کی خلاف ورزی نہیں ہوتی تو سیز فائر برقرار رہے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی تاریخ یا مدت کا ذکر نہیں کیا گیا، بلکہ معاہدہ عمل درآمد کی نوعیت سے وابستہ ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ “جب تک نافذالعمل معاہدے کی خلاف ورزی نہیں ہوتی، ہمارے درمیان سیز فائر برقرار رہے گا۔”

Advertisement