آزاد کشمیر کے علاقے بسنت کوٹ میں نایاب تیندوا فائرنگ سے ہلاک
اسلام آباد (صداۓ روس)
آزاد کشمیر کی تحصیل پٹہکہ، نصیرآباد کے علاقے بسنت کوٹ میں ایک نر تیندوا مردہ حالت میں پایا گیا ہے، جسے مبینہ طور پر بندوق کی گولی کا نشانہ بنایا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف آزاد کشمیر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تیندوے کو فائرنگ کر کے مارا گیا، اور یہ ایک مجرمانہ اقدام ہے جس کی فوری تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
محکمہ وائلڈ لائف کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، اور تیندوے کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے وائلڈ لائف بریڈنگ سینٹر پٹہکہ منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ موت کی وجوہات کی تصدیق ہو سکے۔ محکمہ وائلڈ لائف کے رضاکار اور سرکاری اہلکار واقعے کی تحقیقات کے لیے علاقے میں موجود افراد سے معلومات جمع کر رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ نایاب جنگلی حیات کا اس طرح ہلاک ہونا تشویشناک ہے، اور اس جرم میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔