پروفیسر ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا کا انتقال، ملک میں تعلیمی و ادبی حلقوں میں صدمہ

dr arfa sayeda zehra dr arfa sayeda zehra

پروفیسر ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا کا انتقال، ملک میں تعلیمی و ادبی حلقوں میں صدمہ

اسلام آباد (صداۓ روس)
معروف تعلیمی شخصیت اور ادیبہ پروفیسر ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا انتقال کر گئی ہیں۔ پاکستان کے معروف ڈرامہ نگار، مصنف اور شاعر اصغر ندیم سید نے اس افسوسناک خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا کا انتقال لاہور میں ہوا۔ نمازِ جنازہ کے وقت کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا نے ایم اے اردو گورنمنٹ کالج لاہور سے حاصل کیا اور بعد ازاں ایسٹ ویسٹ سینٹر، یونیورسٹی آف ہوائی سے تاریخ میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔ انہوں نے 1986ء تا 2009ء تک گورنمنٹ کالج فار ویمن گلبرگ لاہور میں بطور پرنسپل خدمات انجام دیں۔ مرحومہ سات زبانوں پر عبور رکھتی تھیں اور تدریس، تحقیق، انتظامی و سماجی کمیٹیوں اور ثقافتی سرگرمیوں میں نمایاں کردار ادا کرتی رہیں۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کیا اور مرحومہ کی اردو زبان کے فروغ، تدریس اور تحقیق میں خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا بھی کی۔ الحمرا کے چیئرمین رضی احمد نے بھی مرحومہ کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا نے اردو زبان کو تہذیب اور تحقیق کے موضوع کے طور پر اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ نامور ادیبہ و دانشور ڈاکٹر عارفہ سیدہ چالیس سال سے زائد عرصہ تدریسی خدمات انجام دیتی رہیں اور اردو زبان و ادب کا درخشندہ ستارہ تھیں۔