روسی حملے کی صورت میں مالدووا کی مدد کے لیے تیار ہیں، رومانیہ کا اعلان
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
رومانیہ کی فوج کے چیف آف اسٹاف گھیورگیتسا ولاد نے کہا ہے کہ ان کا ملک اپنے قریبی اتحادی مالدووا کو کسی بھی ممکنہ روسی جارحیت کی صورت میں بھرپور مدد فراہم کرے گا۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ رومانیہ پہلے ہی مالدووا کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کے لیے مختلف مشترکہ پروگراموں پر عمل کر رہا ہے تاکہ اس کی سرحدی سلامتی اور عسکری تیاری کو مضبوط بنایا جا سکے۔ جنرل ولاد نے کہا رومانیہ مالدووا کا ایک پختہ اتحادی ہے، ہمارے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری موجود ہے، اور اگر مالدووا پر حملہ ہوتا ہے تو ہم یقینی طور پر اس کی مدد کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رومانیہ کے قانون میں یہ شق موجود ہے کہ ملک اپنے غیر ملکی شہریوں کی حفاظت کے لیے جنگ کی صورت میں اقدامات کرے گا۔ چیف آف اسٹاف کے مطابق رومانیہ کے پاس سیاسی، عسکری اور دیگر ذرائع موجود ہیں جن کے ذریعے وہ نہ صرف مالدووا بلکہ مالدووا میں مقیم رومانی شہریوں کو بھی مدد فراہم کر سکتا ہے۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یورپی ممالک میں روس اور مالدووا کے درمیان بڑھتی کشیدگی پر تشویش پائی جا رہی ہے، اور مالدووا کے حکام بارہا دعویٰ کر چکے ہیں کہ روس ان کے ملک کو غلط معلومات، توانائی کے دباؤ اور ممکنہ عسکری خطرات کے ذریعے غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔