روس نے کابل کی مؤثر انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں کو سراہا، لاوروف
ماسکو(صداۓ روس)
روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ افغانستان کی موجودہ حکومت مؤثر انداز میں دہشت گردی کا مقابلہ کر رہی ہے۔ انہوں نے افغانستان پر ماسکو فارمیٹ مشاورت کے ساتویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم کابل کو اس بات کا کریڈٹ دیتے ہیں کہ اس نے بیرونی دباؤ اور محدود حکومتی وسائل کے باوجود دہشت گرد گروہوں، خاص طور پر داعش (جسے روس میں کالعدم قرار دیا گیا ہے) کے افغان دھڑے کے خلاف مؤثر کارروائیاں کی ہیں۔ لاوروف نے مزید کہا کہ سینکڑوں جنگجو جو افغانستان کی سرزمین پر تباہی پھیلا رہے تھے، مارے جا چکے ہیں۔ روسی وزیرِ خارجہ نے منشیات کے خلاف جنگ میں کابل کی کامیابیوں کو بھی سراہا۔ ان کے مطابق اقوامِ متحدہ کے دفتر برائے منشیات و جرائم کے اعداد و شمار کے مطابق، 2022ء سے افغانستان میں پوست کی کاشت اور افیون کی پیداوار میں 90 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
لاوروف نے یہ بھی کہا کہ ہم نے اس امر کا نوٹس لیا ہے کہ چار سال اقتدار میں رہنے کے بعد اسلامی امارت کی حکومت مضبوط ہو چکی ہے اور اب وہ ملک پر پُر اعتماد انداز میں حکمرانی کر رہی ہے۔