روس کا عالمی سطح پر ٹیکنالوجی پر پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ
ماسکو(صداۓ روس)
روس نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے ڈیجیٹل فرق کو کم کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں کرے اور ٹیکنالوجی تک رسائی پر عائد تمام رکاوٹیں اور پابندیاں ختم کی جائیں۔ یہ موقف روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے اتوار کو اپنے بیان میں پیش کیا۔ زاخارووا کے مطابق دنیا کے کئی ممالک اس وقت ڈیجیٹل عدم مساوات کے مسئلے کا سامنا کر رہے ہیں۔ انفراسٹرکچر کی کمی، سائبر سکیورٹی کے خطرات اور ترقیاتی سہولیات کی کمی ان کے لیے سنگین چیلنج بن چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی اور قومی معیشتوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے اس شعبے میں تعاون بڑھانے کی فوری ضرورت ہے، کیونکہ دنیا بھر میں ڈیجیٹل مسابقت میں تیزی آ رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ روس عالمی برادری کی کوششوں میں اضافے پر زور دیتا ہے تاکہ ڈیجیٹل فرق کو کم کیا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا ہم ہر طرح کے پروٹیکشن ازم، سیاسی بنیادوں پر لگائی گئی رکاوٹوں اور ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل سروسز اور مصنوعات تک رسائی میں حائل تمام پابندیوں کی مخالفت کرتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ روس کا یہ مؤقف نہ صرف مشترکہ عالمی سلامتی کے مفاد میں ہے بلکہ عالمی اقتصادی ترقی کی رفتار تیز کرنے کے لیے بھی ضروری ہے۔ ساتھ ہی یہ عالمی منڈی میں منصفانہ مسابقت کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگا۔