اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

روس دنیا کے پانچ بڑے اسلحہ برآمد کرنے والے ممالک میں شامل

Putin

روس دنیا کے پانچ بڑے اسلحہ برآمد کرنے والے ممالک میں شامل

ماسکو (صداۓ روس)
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے عالمی ہتھیاروں کی منڈی میں روس کی نمایاں حیثیت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ روس اب بھی دنیا کے پانچ بڑے اسلحہ برآمد کرنے والے ممالک میں شامل ہے، جو روسی ساختہ ہتھیاروں کے معیار کا ثبوت ہے۔ صدر پوتن نے فوجی و تکنیکی تعاون سے متعلق ایک اجلاس کے دوران کہا کہ روس کی فوجی مصنوعات کے برآمدی معاہدوں کی مالیت دسیوں ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے اور انہوں نے ان برآمدات میں مزید اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ روس کو نہ صرف مخصوص ہتھیار اور سازوسامان فراہم کرنا چاہیے بلکہ دیگر جامع خدمات بھی پیش کرنی چاہئیں، جن میں تکنیکی اشتراک، جدید ماڈلز کی مشترکہ تیاری، مرمت اور جدید کاری میں مدد، پرزہ جات کی فراہمی اور غیر ملکی ماہرین کی تربیت شامل ہو سکتی ہے۔

یاد رہے کہ نومبر ۲۰۲۴ میں روس کی سرکاری اسلحہ برآمدی ایجنسی “روس اوبورون ایکسپورٹ” کے سربراہ الیگزاندر میخیئیف نے بتایا تھا کہ روس کے برآمدی آرڈرز کا مجموعی حجم ۵۵ ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح پر برقرار ہے۔ رواں سال کے آغاز سے اب تک روس نے ۳۰ سے زائد اقسام کے جدید ہتھیار بیرون ملک برآمد کرنے کے معاہدے کیے ہیں۔

روسی دفاعی ادارے “روس ٹیک” کے سربراہ سرگئی چیمیزوف کے مطابق، رواں سال کے دوران روس اوبورون ایکسپورٹ نے ۷ ارب ڈالر مالیت کے ۲۰ سے زائد معاہدے کیے ہیں۔ عالمی سطح پر اسلحہ کی فروخت کے حوالے سے ۲۰۲۴ میں روس ۱۲.۳۲ فیصد حصے کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا، جب کہ امریکہ ۳۷.۹۲ فیصد کے ساتھ سرِفہرست تھا۔ دیگر نمایاں ممالک میں فرانس (۶.۹۰ فیصد)، جنوبی کوریا اور اٹلی (۵.۱۰ فیصد فی ملک) شامل ہیں۔

Share it :