بحیرۂ کیسپین میں روس اور ایران کی مشترکہ بحری مشقیں کل سے شروع ہوں گی
ماسکو(صداۓ روس)
ایران اور روس کی بحری افواج 21 جولائی سے بحیرۂ کیسپین میں تین روزہ مشترکہ بحری مشقوں کا آغاز کریں گی۔ ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق یہ مشقیں کاساریکس 2025 کے نام سے منعقد کی جا رہی ہیں۔ مشقوں کی نوعیت تلاش و بچاؤ کی ہوگی، جن میں ایران اور روس کی بحری افواج کے ساتھ ساتھ اسلامی انقلابی گارڈ کور کے اہلکار بھی حصہ لیں گے۔ ان مشقوں کا مقصد بحیرۂ کیسپین میں میری ٹائم سیکیورٹی کو بہتر بنانا اور ساحلی ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ہے۔
تسنیم کے مطابق بحیرۂ کیسپین سے متصل دیگر ممالک کے مبصرین بھی ان مشقوں کے دوران موجود ہوں گے۔ بحیرۂ کیسپین سے متصل پانچ ممالک میں روس، ایران، قازقستان، ترکمانستان اور آذربائیجان شامل ہیں، اور ان کے درمیان علاقائی بحری تعاون کو فروغ دینا ان مشقوں کا ایک اہم مقصد ہے۔