یومِ اتحاد: روسی عوام کا اپنی تاریخ اور مذہبی ہم آہنگی کو خراجِ عقیدت
ماسکو(صداۓ روس)
ماسکو: روس بھر میں 4 نومبر کو قومی یومِ اتحاد (National Unity Day) منایا جا رہا ہے، جو روسی عوام کے اتحاد اور طاقت کی علامت ہے۔ یہ دن 1612ء کے اُن تاریخی واقعات کی یاد میں منایا جاتا ہے جب عوامی ملیشیا کے رہنما کوزما مینین اور دمتری پوزھارسکی نے پولش حملہ آوروں سے ماسکو کو آزاد کرایا اور ’’زمانۂ انتشار‘‘ (Time of Troubles) کا خاتمہ کیا۔
یہ دن روس کے بہادر ماضی اور موجودہ دور کے اتحاد و ہم آہنگی کے اقدار کو جوڑتا ہے۔
تاریخی پس منظر:
17ویں صدی کے آغاز میں روس شدید سیاسی و معاشی بحران کا شکار تھا۔ اس دوران پولینڈ۔لیتھوانیا کی افواج نے ماسکو پر قبضہ کر لیا تھا۔ انہی حالات میں نزنی نووگوروڈ کے تاجر اور گاؤں کے بزرگ کوزما مینین نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دارالحکومت کی آزادی کے لیے متحد ہو جائیں۔ فوجی قیادت شہزادہ دمتری پوزھارسکی نے سنبھالی، جبکہ ’’کازان کی مقدس ماں مریم کا آئیکون‘‘ عوامی ملیشیا کے ساتھ روحانی علامت کے طور پر موجود رہا۔ 4 نومبر 1612 کو ملیشیا نے ماسکو کے قلعے کو آزاد کرایا، جس کے بعد روس میں قومی اتحاد کی نئی تاریخ رقم ہوئی۔
تاریخی تبدیلی:
اس فتح کی یاد میں روسی زار میخائل فیودورووچ نے کازان آئیکون کے دن کو قومی تہوار کے طور پر منانے کا اعلان کیا۔ یہ جشن 1649 سے 1917 تک جاری رہا، لیکن سوویت دور میں اسے 7 نومبر — ’’یومِ اکتوبر انقلاب‘‘ — سے بدل دیا گیا۔
نئے دور میں بحالی:
2004 میں روس کے بین المذاہب کونسل نے تجویز دی کہ قومی اتحاد کا دن 7 نومبر کی بجائے 4 نومبر کو منایا جائے تاکہ ماضی کے سیاسی اختلافات کے بجائے قومی ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔ اسی سال صدر ولادیمیر پوتن نے دستخط کر کے 4 نومبر کو سرکاری تعطیل اور ’’قومی یومِ اتحاد‘‘ کے طور پر بحال کر دیا۔
2025 میں تقریبات:
اس سال 4 نومبر منگل کے روز پڑ رہا ہے اور پورے روس میں عام تعطیل ہوگی۔ ماسکو سمیت تمام شہروں میں ریلیاں، آتشبازی، نمائشیں، دستکاری میلوں اور موسیقی کے پروگرام ہوں گے۔ اس موقع پر خیراتی مہمات کے ذریعے یتیم خانوں کے لیے کپڑے اور تحائف جمع کیے جائیں گے تاکہ قومی اتحاد کے ساتھ ساتھ سماجی خدمت کا پیغام بھی اجاگر کیا جا سکے۔