جاپانی احتجاج کے بعد روس کا کوریل جزائر کے قریب میزائل تجربہ

Russian Missile Russian Missile

ماسکو (صداۓ روس)

روسی بحریہ نے کوریل جزائر کے قریب ایک کامیاب میزائل تجربہ کیا ہے، جو صدر پوتن کے جزائر کے پہلے دورے کے ایک ہفتہ بعد کیا گیا۔ اس تجربے میں واریاگ گائیڈڈ میزائل کروزر، اومسک نیوکلیئر پاورڈ آبدوز اور زمینی بیسٹین سطح سے مار کرنے والے میزائل سسٹم نے حصہ لیا۔

انہوں نے 300 کلومیٹر دور دشمن کے جہازوں کا ہدف بنایا اور تمام اہداف کو تباہ کر دیا۔ جاپانی وزیر خارجہ توشیمیتسو موتیگی نے صحافیوں کو بتایا کہ ٹوکیو روس کی طرف سے چار شمالی جزائر پر فوجی طاقت بڑھانے کو برداشت نہیں کر سکتا۔

اس سے قبل جاپان نے روس سے میزائل تجربے کی اطلاع ملنے پر احتجاج کیا تھا۔ منگل کو روسی وزارت خارجہ نے جاپانی سفیر کو طلب کر کے جاپانی قیادت کے روس مخالف بیانات پر سخت احتجاج کیا۔ صدر پوتن کے ایتورپ کے دورے کے بعد جاپانی وزیراعظم نے اس دورے کو ناقابل قبول قرار دیا۔ روسی وزارت خارجہ نے کہا کہ جنوبی کوریل جزائر پر روس کی خودمختاری اور دائرہ اختیار ناقابل تنسیخ ہے۔