روس اور کیوبا کا خلیجِ میکسیکو میں مشترکہ لاجسٹک مرکز قائم کرنے کا فیصلہ
ماسکو(صداۓ روس)
روس اور کیوبا کے درمیان تجارتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک نے خلیجِ میکسیکو کے دہانے پر واقع کیوبا کی اہم گہرے پانیوں والی بندرگاہ “پورٹ آف مارئیل” پر ایک مشترکہ لاجسٹک مرکز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس منصوبے کا اعلان سینٹ پیٹرزبرگ انٹرنیشنل اکنامک فورم 2025 کے موقع پر کیا گیا، جو حال ہی میں اختتام پذیر ہوا۔ روسی قومی کمیٹی برائے اقتصادی تعاون برائے لاطینی امریکہ کی سربراہ تاتیانا ماشکووا نے بتایا کہ روس اور کیوبا کی متعلقہ تنظیمیں اس مرکز کے قیام کے لیے “متوازی انداز میں عملی اقدامات” کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مرکز روس اور لاطینی امریکہ کے درمیان تجارتی روانی کو آسان بنانے کے لیے کلیدی کردار ادا کرے گا۔
مارئیل بندرگاہ، جو خلیجِ میکسیکو کے دہانے پر واقع ہے، میں جدید کنٹینر ٹرمینل، فری ٹریڈ زون، ویئر ہاؤسنگ سہولیات اور ریلوے رابطے موجود ہیں۔ اس علاقے میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے ٹیکس اور کسٹمز میں چھوٹ دی جاتی ہے، اور متعدد روسی کمپنیاں پہلے ہی یہاں سرگرم عمل ہیں۔ ماشکووا کے مطابق، روس اور کیوبا کے کاروباری نمائندے مالیاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بھی مشاورت کر رہے ہیں، جس میں روسی ایکسپورٹ سینٹر کی حمایت بھی شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا:
“ہماری کمپنیاں اس کیوبن مرکز کو استعمال کرتے ہوئے پورے وسطی امریکہ اور کریبین خطے میں اپنی رسائی بڑھا سکتی ہیں۔” علاوہ ازیں، کیوبا نے یوریشین اکنامک یونین (EAEU) کے لیے مارئیل کے خصوصی اقتصادی زون میں 50 ہیکٹر پر مشتمل صنعتی پارک کے قیام کی پیشکش بھی کی ہے، جو ابتدائی طور پر 50 سالہ لیز پر دیا جائے گا، اور مزید توسیع کی گنجائش بھی ہوگی۔ یہ صنعتی پارک رکن ممالک کو مقامی پیداوار، براہ راست سرمایہ کاری اور لاطینی امریکی مارکیٹوں تک رسائی کو وسعت دینے کا موقع فراہم کرے گا۔ واضح رہے کہ یوریشین اکنامک یونین میں روس، قازقستان، کرغیزستان، آرمینیا اور بیلاروس شامل ہیں، جبکہ کیوبا 2020 سے اس بلاک کا باقاعدہ مبصر ملک ہے اور اس کے ساتھ کئی شعبوں میں تعاون جاری ہے۔