ماسکو (صدائے روس) — روس بھر میں آج 12 جون کو قومی دن “رشیا ڈے”ملی جوش و جذبے اور قومی فخر کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ یہ دن روسی عوام کی خودمختاری، قومی یکجہتی اور تاریخی تشخص کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ہر سال منایا جاتا ہے۔
دارالحکومت ماسکو سمیت ملک کے تمام بڑے شہروں میں رنگا رنگ تقریبات، ثقافتی پروگرامز، آتش بازی، میوزک کنسرٹس اور سرکاری تقاریب کا انعقاد کیا گیا ہے۔ کریملن کے باہر سرکاری پرچم کشائی کی تقریب اور صدر ولادیمیر پیوٹن کی قوم سے خصوصی خطاب اس دن کی خاص علامات میں شامل ہیں۔
روسی سوویت فیڈریشن سوشلسٹ ریپبلک نے 12 جون 1990 کو خودمختاری کا اعلان کیا تھا۔ اس کے بعد 1991 میں پہلے روسی صدر بورس یلسن کو اسی دن منتخب کیا گیا۔ 2002 سے اس دن کو باقاعدہ طور پر “رشیا ڈے” کے نام سے قومی تعطیل قرار دیا گیا۔
یہ دن روسی عوام کے لیے نہ صرف ایک تاریخی موڑ کی یاد دہانی ہے، بلکہ ایک متحد، خودمختار اور جدید ریاست کے طور پر اپنے مقام کا اعتراف بھی ہے۔