روس اور ایران کے خفیہ اداروں کے درمیان تعاون انتہائی مضبوط ، سربراہ ایس وی آر
ماسکو (صداۓ روس)
روسی خفیہ ایجنسی ایس وی آر کے سربراہ سرگئی ناریشکن نے کہا ہے کہ ایران روس کا قریبی شراکت دار ہے اور دونوں ممالک کے خفیہ اداروں کے درمیان تعاون انتہائی مضبوط اور مسلسل ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرگئی ناریشکن، جو روسی فارن انٹیلی جنس سروس کے ڈائریکٹر اور روسی تاریخی سوسائٹی کے چیئرمین بھی ہیں، نے کہا کہ ایران کے ساتھ روس کے تعلقات شراکت داری پر مبنی ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے معاہدوں کی تمام شقوں پر مکمل طور پر عمل کیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ روسی فارن انٹیلی جنس سروس کے ایرانی متعلقہ اداروں کے ساتھ نہایت اچھے رابطے قائم ہیں اور دونوں کے درمیان تعاون کسی بھی صورت معطل نہیں ہوتا۔ ان کے مطابق یہ تعاون مستقل بنیادوں پر جاری ہے اور باہمی اعتماد پر مبنی ہے۔ واضح رہے کہ 17 جنوری 2025 کو روسی صدر ولادیمیر پوتن اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے روسی فیڈریشن اور اسلامی جمہوریہ ایران کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔