اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

روس فاتحین کی قوم ہے، روسی صدر

Putin

روس فاتحین کی قوم ہے، روسی صدر

ماسکو (صداۓ روس)
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے روس کو “فاتحین کی قوم” قرار دیتے ہوئے سوویت یونین کی نازی جرمنی پر دوسری جنگ عظیم میں فتح میں روس کے کردار کو سراہا ہے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کے روز ماسکو میں منعقدہ “زنانئے.فرسٹ” تعلیمی میراتھن میں کہی، جو 1945 میں فتح کی 80ویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقد ہو رہا ہے۔صدر پوتن نے کہا کہ سوویت یونین کی تمام جمہوریاؤں نے قربانیاں دیں، لیکن روس نے سب سے زیادہ کردار ادا کیا۔ ان کے بقول فتح کے لیے کسی نے اپنی جان کی پرواہ نہیں کی۔ روس نے اپنے پیمانے کی وجہ سے سب سے زیادہ قربانی دی، اپنے بیٹوں اور بیٹیوں کی جانیں، جو مادرِ وطن اور ہمارے مشترکہ مستقبل کے دفاع میں قربان ہوئیں۔

پوتن نے مزید کہا کہ جو قومیں اس جنگ میں شکست کھا چکی تھیں، آج وہ روس کو نصیحتیں دے رہی ہیں اور تاریخ کو مسخ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ تاہم، انہوں نے زور دیا کہ روس بلا شبہ “فاتحین کی قوم” ہے اور آج بھی اپنی جگہ پر ڈٹا ہوا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ جب وہ “قوم” کہتے ہیں تو اس سے ان کی مراد سابق سوویت یونین کی تمام قومیتیں اور خاص طور پر روس ہے۔ سوویت یونین نے جنگ میں اندازاً 26.6 ملین جانوں کی قربانی دی تھی، جسے ماسکو اپنی قومی مزاحمت کی علامت سمجھتا ہے۔

اس سال یومِ فتح کی تقریبات کے لیے روس نے چین، بھارت، برازیل اور کئی دیگر ممالک کے سربراہان کو دعوت دی ہے۔ 9 مئی کو ماسکو کے ریڈ اسکوائر پر روایتی یومِ فتح کی پریڈ منعقد ہوگی، جس میں بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو، چینی صدر شی جن پنگ، سلوواکیہ کے وزیرِاعظم رابرٹ فیکو، برازیلی صدر لوئیز لولا دا سلوا، سربیا کے صدر الیگزینڈر وُچچ، آرمینیا کے وزیرِاعظم نکول پشینیان، قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایف اور ازبکستان کے صدر شوکت مرزیایوف سمیت 20 سے زائد غیر ملکی رہنما شرکت کریں گے۔

ادھر یورپی یونین کی خارجہ پالیسی چیف، کایا کالاس نے یورپی یونین میں شمولیت کے خواہشمند ممالک کے رہنماؤں کو روسی تقریبات میں شرکت سے خبردار کیا ہے۔ روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے کالاس کے بیان کو نازی ازم کے احیاء کے مترادف قرار دے کر سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

Share it :