روس ایران کو امریکی اہداف پر حملوں کے لیے خفیہ معلومات دے رہا، امریکی میڈیا
ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ میں روس بالواسطہ طور پر شامل ہو گیا ہے اور ایران کو امریکی اہداف پر حملوں کے لیے خفیہ معلومات فراہم کر رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق روس نے ایران کو امریکی جنگی جہازوں اور طیاروں کی پوزیشنز فراہم کیں جس کی وجہ سے ایران کے امریکی فوجی اہداف پر حملے زیادہ درست اور موثر ثابت ہوئے۔ جنگ کے آغاز کے بعد سے روس ایران کو امریکی فوجی اثاثوں کی لوکیشنز دیتا رہا ہے۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکی فوجی تنصیبات، ریڈار اور کمانڈ سینٹرز ایران کے نشانے پر ہیں۔ سی آئی اے اور پینٹاگون نے روسی تعاون کے بارے میں تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے جبکہ روسی سفارت خانے نے بھی انٹیلی جنس تعاون کے سوال پر جواب دینے سے گریز کیا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ایران کے حملے انتہائی درست اور منصوبہ بند طریقے سے کیے جا رہے ہیں۔ چین اب تک ایران کی دفاعی مدد کرتا نظر نہیں آ رہا۔
وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ایرانی حکومت شدید دباؤ میں ہے۔