روس تمام ممالک کے ساتھ برابری اور باہمی مفاد پر مبنی تعلقات کا خواہاں، صدر پوتن
ماسکو (صداۓ روس)
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ روس عالمی خوشحالی، فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے تمام ممالک کے ساتھ برابری اور باہمی مفاد پر مبنی تعلقات قائم کرنے کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کے روز نئے تعینات غیر ملکی سفیروں سے اسنادِ سفارت وصول کرنے کی تقریب کے دوران کہی۔ صدر پوتن نے اپنے خطاب میں اس امر پر زور دیا کہ روس تمام بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مساوی بنیادوں پر تعاون کا خواہاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ روس کی پالیسی ہمیشہ یہی رہی ہے کہ دنیا کے تمام ممالک کے ساتھ ایسے تعلقات استوار کیے جائیں جو باہمی احترام، برابری اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہوں اور جن کا مقصد عالمی سطح پر خوشحالی اور ترقی کو فروغ دینا ہو۔
کریملن کے پریس آفس کے مطابق یہ تقریب روایتی طور پر گرینڈ کریملن پیلس کے الیگزینڈر ہال میں منعقد کی گئی، جس میں 34 غیر ملکی ممالک کے سفارتی نمائندوں نے شرکت کی۔ صدر پوتن نے اس موقع پر واضح کیا کہ روس عالمی امور میں تعمیری کردار ادا کرنے اور بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے کے اپنے عزم پر قائم ہے۔