روس میں گاڑیوں کے تکنیکی معائنے کے قواعد مزید سخت ہونے کا امکان

Car mechanic Car mechanic

روس میں گاڑیوں کے تکنیکی معائنے کے قواعد مزید سخت ہونے کا امکان

ماسکو (صداۓ روس)
روس میں گاڑیوں کے تکنیکی معائنے کے نظام پر کنٹرول مزید سخت کیے جانے کا امکان ہے، جس کا اطلاق رواں سال یکم ستمبر سے ہو سکتا ہے۔ روسی خبر رساں ادارے تاس نے چھ فروری کو باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس حوالے سے ایک مسودۂ قرارداد تیار کر لی گئی ہے جسے حکومت کو منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔رپورٹ کے مطابق روسی وزارتِ داخلہ نے گاڑیوں کے معائنے سے متعلق قواعد میں تبدیلیوں کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ اس مجوزہ اقدام کے تحت غیر دیانت دار اور جعلی سرگرمیوں میں ملوث معائنہ مراکز کو بیمہ کنندگان کی یونین کی منظوری کے بغیر ہی متحدہ خودکار گاڑی معائنہ نظام سے خارج کیا جا سکے گا۔ اس کا مقصد جعلی یا غیر معتبر تکنیکی معائنہ سرٹیفکیٹس کے ذریعے چلنے والی دھوکہ دہی کی اسکیموں کو تیزی سے بند کرنا ہے۔ مزید یہ کہ نئی تجاویز کے تحت گاڑیوں کے معائنے کے مراکز کو یہ اختیار دیا جائے گا کہ وہ یہ جانچ سکیں کہ کوئی گاڑی بطور ٹیکسی استعمال ہو رہی ہے یا نہیں۔ اس مقصد کے لیے وفاقی ریاستی معلوماتی نظام برائے ٹیکسی سے ڈیٹا حاصل کیا جائے گا۔ یہ اقدام اس لیے ضروری قرار دیا گیا ہے تاکہ ٹیکسی آپریٹرز لازمی نیم سالانہ تکنیکی معائنے سے بچنے کے حربے استعمال نہ کر سکیں۔

مسودے میں گاڑی مالکان کو یہ سہولت دینے کی تجویز بھی شامل ہے کہ وہ معائنہ مرکز کو الیکٹرانک گاڑی رجسٹر سے حاصل کردہ تفصیلی اندراج فراہم کر سکیں، جس میں گاڑی سے متعلق زیادہ جامع معلومات موجود ہوں، نہ کہ صرف رجسٹریشن سرٹیفکیٹ یا گاڑی کا پاسپورٹ۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز روسی ریاستی دوما میں ایک بل بھی پیش کیا گیا تھا جس میں گاڑیوں کو اشتہاری ڈھانچوں کے طور پر استعمال کرنے پر موجودہ پابندی کو واضح اور وسیع کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس بل کے تحت خلاف ورزی کی صورت میں انتظامی جرمانوں میں اضافے کی بھی سفارش کی گئی ہے، جس کے مطابق عام شہریوں پر دس ہزار سے چالیس ہزار روبل جبکہ سرکاری عہدیداروں پر پچاس ہزار سے ایک لاکھ روبل تک جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔

Advertisement