روس اور مشرقِ وسطیٰ کے ممالک کے درمیان جنگی طیاروں کی مشترکہ تیاری پر مشاورت
ماسکو (صداۓ روس)
روس اور مشرقِ وسطیٰ کے ممالک کے درمیان پانچویں نسل کے جنگی طیاروں کی مشترکہ ڈیزائننگ اور تیاری کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔ روسی وفاقی سروس برائے فوجی و تکنیکی تعاون نے ریاض میں منعقد ہونے والی ورلڈ ڈیفنس شو 2026 کے موقع پر خبر رساں ادارے تاس کو یہ معلومات فراہم کیں۔ ادارے کے مطابق مشرقِ وسطیٰ کے مختلف ممالک کے نمائندوں کے ساتھ جدید جنگی طیاروں، بالخصوص پانچویں نسل کے لڑاکا طیاروں اور جدید ترین ہتھیاروں کی مشترکہ تیاری پر مذاکرات ہو رہے ہیں۔ روسی حکام کا کہنا ہے کہ یہ طویل المدتی منصوبے ہیں جو تکنیکی لحاظ سے انتہائی پیچیدہ ہیں اور ان کے لیے تفصیلی منصوبہ بندی اور گہرے تجزیے کی ضرورت ہوگی۔
روسی وفاقی سروس برائے فوجی و تکنیکی تعاون کے مطابق فریقین اس وقت ممکنہ تعاون کے خدوخال، ذمہ داریوں کی تقسیم اور تکنیکی مہارتوں کے اشتراک پر غور کر رہے ہیں، تاہم ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ ان منصوبوں پر عملی کام کا آغاز کب ہو سکے گا۔ واضح رہے کہ ریاض میں منعقد ہونے والی ورلڈ ڈیفنس شو 2026 میں روس اپنی دفاعی صنعت کی جدید صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہا ہے، جبکہ مشرقِ وسطیٰ کے ممالک کے ساتھ دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔