روس کا بحری بیڑا جدید بنانے کا فیصلہ حتمی ہے، صدر پوتن
ماسکو (صداۓ روس)
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ روس اپنی بحریہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے منصوبے پر مکمل عملدرآمد کرے گا تاکہ عالمی سمندروں میں قومی سلامتی اور مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ صدر پوتن نے یہ بات جوہری طاقت سے لیس میزائل آبدوز “کنیاژ پوزارسکی” پر جھنڈا لہرانے کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا ہم اپنے جدید بحری بیڑے کی تشکیل کے منصوبے کو مکمل طور پر نافذ کریں گے۔ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ یہ ہماری قومی سلامتی اور عالمی سمندری خطوں میں مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری ہے۔ صدر پوتن کے مطابق روسی جہاز ساز گاہوں میں اس وقت 70 سے زائد بحری جہاز مختلف مراحل میں تیار ہو رہے ہیں، اور صرف سیوماش جہاز ساز گاہ میں 2030 تک چھ نئی جوہری آبدوزیں تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ منظم اور مسلسل پیشرفت نہ صرف دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کا باعث بنے گی بلکہ روسی بحری صنعت اور اس سے منسلک اداروں کی معاشی استحکام میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گی۔ یہ سرگرمی باصلاحیت نوجوانوں کو متوجہ کرنے، ہائی ٹیکنالوجی پر مبنی حل تلاش کرنے اور مجموعی قومی صنعتی ترقی کے لیے اہم ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ برسوں میں روس نے اپنی افواج کی ازسرنو تنظیم اور عسکری میدان میں خود انحصاری کو مرکزی ترجیح دی ہے، جبکہ بحریہ کو بحر اوقیانوس، بحر ہند اور بحرالکاہل میں فعال کردار کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔