روس کو شام میں اپنی عسکری حکمتِ عملی نئے سرے سے طے کرنی ہوگی ، لاوروف

Russian military in Syria Russian military in Syria

روس کو شام میں اپنی عسکری حکمتِ عملی نئے سرے سے طے کرنی ہوگی ، لاوروف

ماسکو (صداۓ روس)
روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ شام میں روسی افواج کے مشن کو نئے حالات کے مطابق ازسرِنو متعین کرنے کی ضرورت ہے اور فوجی اڈوں کو ممکنہ طور پر انسانی امداد کے مراکز میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ شام میں گزشتہ برس اسلامی تنظیم “حیات تحریر الشام” کی قیادت میں قائم اتحاد کے ہاتھوں طویل عرصے سے برسراقتدار صدر بشارالاسد کے اقتدار سے بے دخل کیے جانے کے بعد ملک کی صورتحال مسلسل غیر مستحکم ہے۔ اگرچہ اسد کی حکومت ختم ہو چکی ہے، ماسکو نے وعدہ کیا ہے کہ وہ شام میں اپنی موجودگی برقرار رکھے گا۔ روسی افواج حمیمیم فضائی اڈے اور طرطوس بحری اڈے سے کام جاری رکھیں گی، جو 2017 کے طویل المدتی معاہدے کے تحت دمشق سے لیز پر حاصل کیے گئے تھے۔ لاوروف نے بدھ کے روز ’Bridges to the East‘ پروجیکٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ شام میں اقتدار کی منتقلی کے بعد روسی فوجی کردار کی نوعیت بدلنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا یہ بات ہمارے فوجی اڈوں پر بھی لاگو ہوتی ہے۔ اب یہ موجودگی مختلف اپوزیشن قوتوں کے خلاف قانونی حکومت کی عسکری مدد کے لیے نہیں رہی۔ ہمیں ان کے کردار کو ازسرِنو متعین کرنا ہوگا۔ انہوں نے تجویز دی کہ ان اڈوں کو انسانی امداد کے مرکز میں تبدیل کیا جا سکتا ہے، تاکہ روس اور خلیجی ممالک سے امدادی سامان افریقہ اور خطے کے دیگر ممالک تک پہنچایا جا سکے۔ لاوروف نے مزید کہا کہ علاقائی شراکت داروں نے اس منصوبے میں دلچسپی ظاہر کی ہے، اور “ہم تفصیلات پر مشاورت کے لیے تیار ہیں، اصولی طور پر اس معاملے پر بات ہو چکی ہے اور فریقین میں باہمی دلچسپی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ روس شام کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا اور یہ کہ شام کی وحدت تمام علاقائی طاقتوں کے مفاد میں ہے۔ ان کے بقول، شام اس وقت فرقہ وارانہ تقسیم اور مسلح گروہوں کے باعث شدید انتشار کا شکار ہے۔ بشار الاسد کی معزولی کے بعد مختلف اسلامی گروہوں اور حکومتی افواج کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔ اس صورتحال میں اسرائیل نے بھی گولان کی پہاڑیوں کے قریب واقع بفر زون میں فوجی کارروائیاں شروع کر دی ہیں، یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ وہ اپنی سرحد کے قریب “دشمن عناصر” کو روکنا چاہتا ہے۔

Advertisement