ماسکو (صداۓ روس)
روس کے نائب وزیر خارجہ جارجی بوریسینکو نے کہا ہے کہ روس بحرین اور کویت کے ساتھ داخلے کے ویزے ختم کرنے کے لیے بات چیت کر رہا ہے۔ روسی میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ چار خلیجی ممالک کے ساتھ ویزا فری سفر کے معاہدے پہلے ہی طے پا چکے ہیں، جبکہ بحرین اور کویت کے ساتھ اس پر کام جاری ہے۔
بوریسینکو کے مطابق عام پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے سعودی عرب، عمان، قطر اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ ویزا فری نظام اس وقت نافذ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بحرین اور کویت بھی اپنے علاقائی شراکت داروں کی پیروی کریں گے۔
اس سے قبل مئی 2026 میں روسی وزارتِ اقتصادی ترقی نے بتایا تھا کہ روس سعودی عرب کے ساتھ ویزا فری معاہدہ 11 مئی کو نافذ ہو چکا ہے، جس کے تحت دونوں ممالک کے شہری سیاحت، کاروبار اور نجی دوروں کے لیے سال میں مجموعی طور پر 90 دن تک دوسرے ملک میں ویزے کے بغیر قیام کر سکتے ہیں، تاہم حج کے لیے جانے والوں کو ویزا لینا ہوگا۔ وزارت نے ملائیشیا، کویت اور بحرین کے ساتھ بھی ویزا فری نظام کے لیے سرگرم کام کی تصدیق کی تھی۔ متحدہ عرب امارات اور روس کے درمیان باہمی ویزا فری سفر کا معاہدہ 2019 سے نافذ ہے، جس کے تحت 90 دن تک قیام کی اجازت ہے۔
بحرین میں روسی سفارت خانے کے مطابق بحرین روس کی جانب سے پیش کردہ بین الحکومتی معاہدے کے مسودے کا جائزہ لے رہا ہے، جبکہ کویت میں روسی سفارت خانے نے ویزا فری نظام کے قیام کے لیے منظم کوششیں جاری رکھنے کی بات کی ہے۔