اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

روس کی پیشکش: مزید 3 ہزار یوکرینی فوجیوں کی لاشیں حوالے کرنے کو تیار

Ukrainian soldiers dead body

روس کی پیشکش: مزید 3 ہزار یوکرینی فوجیوں کی لاشیں حوالے کرنے کو تیار

ماسکو (صداۓ روس)
روس نے اعلان کیا ہے کہ وہ یوکرین کے مزید 3 ہزار ہلاک شدہ فوجیوں کی لاشیں واپس کرنے کو تیار ہے، اگر کیف حکومت انہیں قبول کرنے پر آمادہ ہو۔ یوکرین جنگ کے لیے ماسکو کے اعلیٰ مذاکرات کار ولادیمیر میدنسکی نے جمعہ کو یہ بیان دیتے ہوئے کہا کہ روسی فوج یہ لاشیں منتقل کرنے کو تیار ہے تاکہ ان فوجیوں کے اہل خانہ ان کی شناخت کر سکیں اور انہیں باعزت تدفین دے سکیں۔

میدنسکی کے مطابق اب تک روس نے مجموعی طور پر یوکرین کو 6,060 لاشیں واپس کی ہیں، جب کہ یوکرین نے 79 روسی فوجیوں کی لاشیں واپس کی ہیں۔ یہ تبادلہ رواں ماہ کے آغاز میں ترکیہ میں ہونے والے براہ راست مذاکرات کے دوران طے پایا تھا۔ اس موقع پر یوکرینی وزیر دفاع رستم اُمیروف نے تجویز دی تھی کہ کیف روسی فوجیوں کی اتنی ہی تعداد میں لاشیں واپس کرے گا۔

تاہم، یہ تبادلہ اس وقت متاثر ہوا جب یوکرین نے 7 جون کو ابتدائی منتقلی قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ یوکرینی حکام کا کہنا تھا کہ روس نے اس عمل میں غیر ضروری عجلت کا مظاہرہ کیا، البتہ اگلے دن سے تبادلہ جاری رہا اور گزشتہ ہفتے کے دوران مزید لاشیں منتقل کی گئیں۔ اس کے علاوہ، میدنسکی نے یوکرین کے اس دعوے کو بھی مسترد کر دیا کہ ماسکو نے فروری میں کیے گئے تبادلے کے دوران یوکرین کو ایک روسی فوجی کی لاش بھی بھیج دی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ کیف خود تسلیم کر چکا ہے، اور ماسکو اس معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب جنگ زدہ علاقوں میں انسانی المیے شدت اختیار کر چکے ہیں، اور ہزاروں خاندان اپنے پیاروں کی تدفین کے منتظر ہیں۔ روس کی جانب سے 3 ہزار مزید لاشیں واپس کرنے کی پیشکش انسانی بنیادوں پر ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے، بشرطیکہ یوکرین حکومت اس کو قبول کرے۔

Share it :