روس فلسطینی ریاست کے قیام میں مدد کے لیے تیار ہے، سرگئی لاوروف
روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ روس اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن عمل کو سہارا دینے کے لیے تیار ہے۔ یہ بیان انہوں نے ‘Bridges to the East’ پروجیکٹ کے لیے دیے گئے انٹرویو میں کیا، جو روسی وزارتِ خارجہ کی ویب سائٹ پر پوسٹ کیا گیا۔ لاوروف نے کہا اگر ہم مدد کر سکیں تو ہم تیار ہیں۔ والڈائی انٹرنیشنل ڈسکشن کلب کے اجلاس میں صدر ولادیمیر پوتن نے واضح طور پر کہا کہ ہم فلسطینی ریاست کے قیام میں مدد کرنا چاہتے ہیں، اور ہمیں کہیں سے شروعات کرنی ہوگی۔
وزیرِ خارجہ نے مزید کہا ریاست کے قیام پر بعد میں بات ہونی چاہیے، لیکن یہ مقصد ایجنڈے پر رہنا چاہیے۔ ہمارے مغربی ساتھی بھی اس معاملے میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے ذمہ داری قبول کریں کہ کس طرح ویسٹ بینک اور غزہ میں آزاد فلسطین کے قیام کے فیصلوں میں رکاوٹیں پیدا کی گئی ہیں۔ روس کی جانب سے یہ پیشکش ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عالمی سطح پر فلسطینی-اسرائیلی تنازع کے حل کے لیے متعدد فریق ثالث کی کوششیں جاری ہیں، اور ماسکو اپنی سفارتی شمولیت کو بڑھانے کا عندیہ دے رہا ہے۔