اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

روس کا کیف پر رات بھر حملہ، تمام اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا، ماسکو

Russian Air Force

روس کا کیف پر رات بھر حملہ، تمام اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا، ماسکو

ماسکو (صداۓ روس)
روسی وزارت دفاع نے جمعرات کے روز بتایا ہے کہ روسی افواج نے یوکرین کی دفاعی صنعت، فوجی ہوائی اڈوں اور اسلحہ ذخیرہ گاہوں پر ایک “بڑے پیمانے پر درست نشانہ بنانے والا حملہ” کیا، جس میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیاروں اور بغیر پائلٹ طیاروں (ڈرونز) کا استعمال کیا گیا۔ وزارت کے مطابق تمام مقررہ اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا اور حملے کے مقاصد حاصل کر لیے گئے۔ وزارت نے بتایا کہ حملے میں یوکرین کی دفاعی صنعت کی تنصیبات، ایک فوجی ہوائی اڈے کا انفراسٹرکچر، اور ایک ایسا ذخیرہ بھی شامل تھا جہاں ڈرونز کے پرزہ جات، میزائل اور گولہ بارود رکھا گیا تھا۔ یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ حملے کا سب سے زیادہ اثر دارالحکومت کیف پر ہوا، جہاں مختلف علاقوں میں زور دار دھماکوں اور آگ لگنے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔ حکام کے مطابق حملے میں کم از کم 7 افراد ہلاک اور 64 زخمی ہوئے، جن میں سے 50 افراد اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ یوکرینی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ روسی حملے کا مقصد ملک کے فضائی دفاعی نظام کو زیادہ دباؤ میں لانا تھا۔ کیف مسلسل مغربی اتحادیوں سے مزید دفاعی ہتھیاروں اور گولہ بارود کی فراہمی کا مطالبہ کر رہا ہے، خاص طور پر فضائی دفاع کے لیے۔

یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ روسی حملوں نے صرف کیف ہی نہیں بلکہ دنیپروپیٹروفسک، پولٹاوا، سومی اور نکولائیف کے علاقوں کو بھی نشانہ بنایا۔ ان کے بقول، حملے میں 300 سے زائد ڈرونز اور 8 میزائل استعمال کیے گئے۔ یوکرین کی فضائیہ نے تصدیق کی ہے کہ ملک بھر میں روس کے 5 میزائل اور 21 حملہ آور ڈرونز نے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ روس کا مؤقف ہے کہ وہ صرف فوجی نوعیت کی تنصیبات کو نشانہ بناتا ہے اور شہری علاقوں کو نشانہ بنانا اس کی پالیسی کا حصہ نہیں۔ روسی حکام نے یہ بھی کہا ہے کہ یوکرین کی جانب سے روس کے اندر گہرائی تک کیے گئے حملوں، جن میں رہائشی عمارتیں، توانائی تنصیبات اور دیگر اہم ڈھانچے متاثر ہوتے ہیں، کا جوابی ردعمل دیا جا رہا ہے۔

Share it :