روس کی بلوچستان میں دہشت گردانہ حملوں کی شدید مذمت
اسلام آباد (صداۓ روس)
روس کے سفارت خانے نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں حالیہ دہشت گردانہ حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ روس دہشت گردی کی ہر شکل اور اس کے تمام مظاہر کے خلاف مؤثر اور مشترکہ جدوجہد کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔ بیان میں اس امید کا اظہار کیا گیا کہ ان مجرمانہ کارروائیوں میں ملوث عناصر کی نشاندہی کی جائے گی اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہو سکیں۔ روس کے سفارت خانے نے حملوں میں جاں بحق ہونے والوں کے اہلِ خانہ اور عزیزوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔