روس کی عالمی کھیلوں میں واپسی کی امید، دو ہزار چھبیس میں اہم فیصلوں کا امکان

Alexander Dyukov Alexander Dyukov

روس کی عالمی کھیلوں میں واپسی کی امید، دو ہزار چھبیس میں اہم فیصلوں کا امکان

ماسکو (صداۓ روس)
روس کی فٹبال فیڈریشن کے سربراہ الیگزینڈر دیوکوف نے کہا ہے کہ دو ہزار چھبیس میں ایسے فیصلے متوقع ہیں جن کے نتیجے میں روسی کھلاڑیوں اور قومی ٹیموں کی باضابطہ عالمی کھیلوں میں واپسی ممکن ہو سکے گی۔ فروری دو ہزار بائیس میں یوکرین تنازع کے آغاز کے بعد روس اور بیلاروس کے کھلاڑیوں پر بیشتر بین الاقوامی کھیلوں میں پابندیاں عائد کر دی گئی تھیں، جن میں اولمپکس بھی شامل تھے۔ بعد ازاں بین الاقوامی اولمپک کمیٹی نے کچھ کھلاڑیوں کو غیر جانبدار حیثیت میں مقابلوں کی اجازت دی، جن میں پیرس اولمپکس دو ہزار چوبیس اور میلان و کورٹینا سرمائی اولمپکس دو ہزار چھبیس شامل ہیں، تاہم قومی ٹیموں پر پابندی برقرار رہی۔

دسمبر کے اوائل میں بین الاقوامی اولمپک کمیٹی نے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے روس اور بیلاروس کے کم عمر کھلاڑیوں کو قومی پرچم اور ترانے کے ساتھ مقابلوں کی اجازت دے دی، جسے دیوکوف نے ایک بڑی پیش رفت قرار دیا۔ الیگزینڈر دیوکوف نے ایک انٹرویو میں کہا کہ سال کے اختتام تک روسی کھیلوں کی عالمی سطح پر واپسی کی جانب واضح پیش رفت دیکھی گئی ہے۔ ان کے مطابق فیفا اور یوئیفا کی جانب سے بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے فیصلے کا مثبت جائزہ اس بات کی امید دلاتا ہے کہ آئندہ سال مزید نرمی کی جا سکتی ہے۔ دیوکوف کا کہنا تھا کہ اگرچہ فی الحال فیفا اور یوئیفا نے روسی ٹیموں کی بحالی پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا، تاہم اس کی وجہ اداروں کا مصروف شیڈول اور اولمپک کمیٹی کے فیصلے کا تاخیر سے آنا ہے۔ روسی فٹبال یونین دو ہزار چھبیس میں فیفا اور یوئیفا کے اجلاسوں میں شرکت کر کے روس کی واپسی پر باضابطہ بات چیت کا ارادہ رکھتی ہے۔
روس نے مغربی ممالک پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ سیاسی دباؤ کے ذریعے روسی کھلاڑیوں کو کھیلوں سے دور رکھ رہے ہیں۔ ماسکو نے بارہا بین الاقوامی کھیلوں کے اداروں، بالخصوص بین الاقوامی اولمپک کمیٹی، پر کھیل کو سیاست کی نذر کرنے کا الزام لگایا ہے۔ اس حوالے سے روسی صدر صدر پوتن کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو صرف صلاحیت اور کارکردگی کی بنیاد پر مواقع ملنے چاہئیں کیونکہ سیاست کا کھیلوں سے کوئی تعلق نہیں ہونا چاہیے۔ پابندیوں کے باوجود روسی کھلاڑی غیر جانبدار حیثیت میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ گزشتہ ماہ عالمی سامبو چیمپئن شپ کے پہلے ہی دن روسی کھلاڑیوں نے نو طلائی تمغے حاصل کیے، جبکہ فگر اسکیٹنگ میں ادیلیا پیٹروسیان اور پیوتر گومیننک نے کوالیفائنگ مقابلوں میں عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے دو ہزار چھبیس کے سرمائی اولمپکس کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

Advertisement