روس میں غیر ملکی مزدوروں کے لیے ہیپاٹائٹس بی اور سی کے ٹیسٹ لازمی قرار

illegal immigrants illegal immigrants

روس میں غیر ملکی مزدوروں کے لیے ہیپاٹائٹس بی اور سی کے ٹیسٹ لازمی قرار

ماسکو (صداۓ روس)
روس نے اعلان کیا ہے کہ مارچ 2026 سے ملک میں داخل ہونے والے تمام غیر ملکی مزدوروں کے لیے ہیپاٹائٹس بی اور سی کے ٹیسٹ لازمی ہوں گے۔ یہ اقدام روس کے موجودہ طبی جانچ کے نظام میں ایک اہم توسیع ہے۔ نئے ضوابط کے تحت یہ قانون نہ صرف غیر ملکی شہریوں بلکہ بے وطن افراد پر بھی لاگو ہوگا جو روس میں ملازمت، پناہ گزینی یا عارضی قیام کے خواہاں ہیں۔ روس میں غیر ملکیوں کے لیے طبی جانچ لازمی ہے، اور اس کے بغیر کسی کو کام کا اجازت نامہ، عارضی یا مستقل رہائشی درجہ نہیں دیا جا سکتا۔ مزدوروں کو ملک میں داخلے کے بعد 30 دن کے اندر یہ طبی معائنہ مکمل کرنا ہوگا، جبکہ جو افراد ملازمت کے بغیر روس میں قیام کا ارادہ رکھتے ہیں، ان کے لیے 90 دن کی مہلت رکھی گئی ہے۔ فی الحال روس میں غیر ملکیوں کے طبی معائنے کے دوران منشیات، ایچ آئی وی، تپ دق (ٹی بی)، آتشک (سیفیلس) اور کوڑھ (لیپروسی) جیسے امراض کی جانچ کی جاتی ہے۔

روس کی اسٹیٹ ڈوما کی ڈپٹی اسپیکر ایرینا یارویایا کی سربراہی میں قائم ورکنگ گروپ نے رواں برس غیر ملکیوں کی صحت کی اسکریننگ میں ان نئی تبدیلیوں کی سفارش کی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ’’روس میں داخل ہونے والے غیر ملکیوں کی صحت کی نگرانی کو مؤثر بنانا اور خطرناک امراض کے پھیلاؤ کو روکنا‘‘ ہے۔ روس کی معیشت میں غیر ملکی مزدوروں کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ تعمیرات، زراعت اور خدمات کے مختلف شعبوں میں لاکھوں افراد، بالخصوص وسطی ایشیائی ممالک سے تعلق رکھنے والے مزدور، روزگار حاصل کرتے ہیں۔ ان کی بڑی تعداد روس کا رخ زیادہ اجرتوں کے باعث کرتی ہے۔ تاہم اس عمل نے بعض حلقوں میں عوامی صحت اور سماجی توازن کے حوالے سے بحث کو جنم دیا ہے۔ انہی خدشات کے پیشِ نظر روسی حکام نے گزشتہ چند برسوں کے دوران غیر ملکی مزدوروں کے لیے طبی جانچ کے سخت تقاضے متعارف کروائے ہیں تاکہ معاشی ضرورت اور صحت و سلامتی کے درمیان توازن قائم رکھا جا سکے۔ مزید برآں، روس نے گزشتہ ایک سال کے دوران غیر قانونی تارکینِ وطن کے خلاف کریک ڈاؤن میں بھی تیزی لائی ہے۔ رواں برس صدر ولادیمیر پوتن نے ایک فرمان پر دستخط کیے جس کے تحت وزارتِ داخلہ کے تحت ایک نیا ریاستی ادارہ قائم کیا جا رہا ہے جو امیگریشن کے انتظامی امور کو بہتر بنانے کا ذمے دار ہوگا۔ کریملن کے مطابق اس اقدام کا مقصد مہاجرین کے اندراج کے عمل میں نظم و ضبط پیدا کرنا، روسی قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانا، اور غیر قانونی سرگرمیوں کو کم کرنا ہے۔

Advertisement