روس یوکرین مذاکرات کا نیا دور آج شام استنبول شروع ہوگا
ماسکو(صداۓ روس)
روس اور یوکرین کے درمیان براہِ راست مذاکرات کا تیسرا دور آج شام استنبول میں شروع ہوگا۔ روسی خبر رساں ادارے تاس کے مطابق روسی وفد کے ایک رکن نے تصدیق کی ہے کہ دونوں ممالک کے وفود آج شام پہنچنے کے بعد مذاکرات کا آغاز کریں گے۔ ذرائع کے مطابق روسی وفد ماسکو سے استنبول روانہ ہو چکا ہے جہاں مذاکرات کی میزبانی کی جا رہی ہے۔ اس سے قبل دو ملاقاتیں بھی اسی شہر میں 16 مئی اور 2 جون کو ہو چکی ہیں۔ روسی وفد کی قیادت کریملن کے معاون ولادیمیر میڈنسکی کر رہے ہیں، جبکہ یوکرینی وفد کی سربراہی قومی سلامتی و دفاعی کونسل کے سیکریٹری روسٹم عمروف کے ذمے ہے۔ مذاکرات کا یہ نیا دور دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی اور جنگ بندی کی کوششوں کے تحت اہم تصور کیا جا رہا ہے۔