روس کو صدیوں تک توانائی کے بحران کا سامنا نہیں ہوگا ، گیازپروم چیف

Alexey Miller Alexey Miller

روس کو صدیوں تک توانائی کے بحران کا سامنا نہیں ہوگا ، گیازپروم چیف

سینٹ پیٹرزبرگ (صداۓ روس)
روس دنیا کے سب سے بڑے توانائی ذخائر رکھنے والے ممالک میں شامل ہے، اور یہی ذخائر آنے والی کئی صدیوں تک ملک کو کسی بھی قسم کے توانائی بحران سے محفوظ رکھیں گے۔ یہ بات روسی توانائی کمپنی گیازپروم کے سربراہ الیگزی ملر (Alexey Miller) نے سینٹ پیٹرزبرگ انٹرنیشنل گیس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ الیگزی ملر نے کہا کہ روس کے پاس قدرتی ایندھن، بالخصوص گیس اور تیل کی اتنی وافر مقدار موجود ہے کہ ملک کو توانائی کی کسی کمی کا سامنا “آنے والی کئی صدیوں تک” نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) کے پھیلاؤ، معیشت کی توانائی کی بڑھتی ہوئی ضرورت، اور صنعتی ترقی کے باوجود روس کے لیے یہ کوئی مسئلہ نہیں بنے گا۔ ملر نے مزید کہا ہمارے لیے توانائی کے ذخائر اور روایتی ایندھن کے مسائل آئندہ کئی صدیوں تک کوئی چیلنج نہیں ہیں۔ ہم پُراعتماد ہیں اور اپنے مستقبل کو خوشحال دیکھتے ہیں۔”

گیازپروم کے سربراہ نے روس کے اندر جاری گیس کاری پروگرام (Gasification Program) کو ملک کے توانائی مستقبل کے لیے ایک اہم ستون قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ روس کے دور دراز علاقوں میں گیس کی فراہمی نہ صرف معیشت کو فروغ دے رہی ہے بلکہ عام شہریوں کے معیارِ زندگی میں بھی نمایاں بہتری لا رہی ہے۔ یہ پروگرام دیہی علاقوں کو مرکزی گیس نیٹ ورک سے جوڑنے کے ذریعے توانائی کی مساوی تقسیم کو یقینی بنا رہا ہے، جو روس کے معاشی استحکام اور ماحولیاتی پائیداری دونوں کے لیے اہم ہے۔

Advertisement