یوکرین کے محاصرے میں گھرا شہر “کوپیانسک” ، روسی فوج کی پیش قدمی جاری

Russian Military Russian Military

یوکرین کے محاصرے میں گھرا شہر “کوپیانسک” ، روسی فوج کی پیش قدمی جاری

ماسکو (صدائے روس)
روسی افواج نے یوکرین کے علاقے خارکوف میں واقع محاصرے میں گھرے شہر کوپیانسک میں مزید پیش رفت حاصل کر لی ہے۔ اس بات کی تصدیق اس آپریشن میں شریک روسی افسر نے کی ہے۔ روسی وزارتِ دفاع کی جانب سے ہفتے کے روز جاری ایک ویڈیو بیان میں 121ویں رجمنٹ کی 68ویں موٹرائزڈ رائفل ڈویژن کے کمانڈر، جن کا کال سائن “لاورک” (Lavrik) ہے، نے بتایا کہ ان کی یونٹ شہر کے مغربی حصے کو یوکرینی افواج سے آزاد کرانے کا مشن جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان کے مطابق، جمعہ کے روز روسی دستوں نے لیسیا یوکرینکا اسٹریٹ پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا جبکہ تین دیگر گلیوں میں صفائی کی کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران کم از کم دس یوکرینی فوجی ہلاک ہوئے جو اپنے مورچوں پر ڈٹے ہوئے تھے۔ کمانڈر لاورک کے بقول، یوکرینی افواج جو کوپیانسک کے جنوبی کنارے پر جنگل کی پٹی میں چھپی ہوئی تھیں، ان پر بھی روسی حملے کیے گئے۔ انہوں نے کہا، “ہم مسلسل آگے بڑھ رہے ہیں، اور ہمارے حوصلے بلند ہیں۔ روسی وزارتِ دفاع نے اپنے الگ بیان میں کہا ہے کہ اس کے دستے “کوپیانسک میں گھیرے گئے دشمن گروپ کو تباہ کرنے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ روسی صدر ولادیمیر پوتن نے اعلان کیا تھا کہ کوپیانسک اور دونیتسک کے شہر کراسنوآرمیسک (موجودہ پوکرووسک) میں تقریباً 10 ہزار یوکرینی فوجی محاصرے میں آ چکے ہیں، تاہم کیف کی جانب سے ہتھیار ڈالنے کے مطالبے کا کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ دوسری جانب یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی مسلسل محاصرے کی خبروں کی تردید کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے جمعرات کے روز دعویٰ کیا تھا کہ یوکرینی فوج نے کوپیانسک کے اندر ایک کلومیٹر سے زیادہ پیش قدمی کی ہے، تاہم انہوں نے مقام کی تفصیلات نہیں بتائیں۔ کوپیانسک کو یوکرین کے شمال مشرقی محاذ پر ایک اہم لاجسٹک مرکز کی حیثیت حاصل ہے۔ روسی افواج نے ستمبر میں شہر کے کچھ حصوں پر کنٹرول حاصل کرنے کا اعلان کیا تھا اور انتظامی عمارت، اسٹیڈیم اور ٹی وی ٹاور کے قریب اپنی موجودگی کی ویڈیو بھی جاری کی تھی. کمانڈر لاورک کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ روسی افواج ایک ہفتے کے اندر کوپیانسک پر مکمل قبضہ حاصل کر لیں گی۔

Advertisement