فیواسٹ یونیورسٹی میں مصنوعی ذہانت کی ترقی پر روسی ماہرین کے لیکچرز

فیواسٹ یونیورسٹی میں مصنوعی ذہانت کی ترقی پر روسی ماہرین کے لیکچرز

اسلام آباد (صداۓ روس)
رواں ماہ 24 تا 26 اکتوبر کے دوران روسی وفد نے وفاقی اردو یونیورسٹی برائے فنون، سائنس و ٹیکنالوجی (فیواسٹ) اور پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ (پیٹڈ) میں خصوصی لیکچرز دیے۔ اس وفد میں روسی مرکز برائے سائنس و ثقافت کراچی کے سربراہ رسلان پروخوروف، یورال اسٹیٹ پیڈاگو جیکل یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر رومن پوروزوف، اور پاکستان میں روسی سفارت خانے کے ثقافتی و تعلیمی اتاشی گلیب شوبن شامل تھے۔ روسی مقررین نے پاکستانی طلبا کو روس میں غیر ملکی طلبا کے لیے دستیاب تعلیمی مواقع سے آگاہ کیا۔

Advertisement

انہوں نے روسی حکومت کی جانب سے 2026-27 کے تعلیمی سال کے لیے فراہم کی جانے والی اسکالرشپ کے لیے درخواست دینے کے طریقہ کار اور شرائط پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ رسلان پروخوروف نے اپنے خطاب میں روس میں مصنوعی ذہانت (AI) کی ترقی اور تعلیمی میدان میں روسی آئی ٹی اداروں کی کامیابیوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ روس نے کس طرح مقامی سطح پر اے آئی ٹیکنالوجی کو اپناتے ہوئے تدریسی نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا ہے۔ لیکچرز کے دوران طلبا کو روس کی ثقافتی، نسلی، مذہبی اور جغرافیائی تنوع کے بارے میں بھی معلومات فراہم کی گئیں۔ مقررین نے بتایا کہ روس نہ صرف ایک سائنسی و تکنیکی طاقت ہے بلکہ دنیا کے اُن چند ممالک میں شامل ہے جو تعلیم، تحقیق اور جدت کے میدان میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔