اسلام آباد (صدائے روس)
پاکستان میں روسی فیڈریشن کے سفارتخانے نے ممتاز پاکستانی صحافی اور روس میں قائم اردو میڈیا پلیٹ فارم صدائے روس (Sada-e-Rus ) کے ایڈیٹر اِن چیف اشتیاق ہمدانی کو عالمی صحافتی اعزاز “گولڈن پین انٹرنیشنل ایوارڈ” (Golden Pen International Award) حاصل کرنے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
روسی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ باوقار تقریب روسی شہر گروزنی میں چیچن جمہوریہ کے پہلے صدر اور ہیرو آف رشیا شہید احمد حاجی قادروفؒ کی یاد میں منعقد کی گئی، جہاں 12ویں سالانہ گولڈن پین انٹرنیشنل ایوارڈ کے فاتحین کا اعلان کیا گیا۔
بیان میں بتایا گیا کہ اس عالمی صحافتی مقابلے میں دنیا کے 12 ممالک سے 250 سے زائد صحافتی تحریریں موصول ہوئیں، جن میں پرنٹ اور آن لائن میڈیا کے مختلف زمروں میں سخت اور اعلیٰ معیار کی مسابقت دیکھنے میں آئی۔
جیوری کے متفقہ فیصلے کے مطابق اشتیاق ہمدانی کو پرنٹ اور آن لائن اشاعت کے لیے “بہترین مضمون” (Best Article) کے زمرے میں اعلیٰ ترین ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز نہ صرف پاکستانی صحافت کے لیے باعثِ فخر قرار دیا جا رہا ہے بلکہ اسے پاکستان اور روس کے درمیان میڈیا، ثقافتی اور عوامی روابط کے فروغ کی ایک نمایاں مثال بھی سمجھا جا رہا ہے۔
روسی سفارتخانے نے اپنے پیغام میں کہا کہ اشتیاق ہمدانی کی صحافتی خدمات ذمہ دار، متوازن اور پیشہ ورانہ صحافت کی عکاس ہیں، جو دونوں ممالک کے عوام کے درمیان باہمی اعتماد، فہم اور تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
واضح رہے کہ گولڈن پین انٹرنیشنل ایوارڈ گزشتہ دو دہائیوں سے ایسی صحافت کی حوصلہ افزائی کے لیے دیا جا رہا ہے جو سچائی، اخلاقی اقدار، بین الاقوامی ہم آہنگی اور امن کے فروغ پر مبنی ہو، اور اسے روس سمیت عالمی صحافتی حلقوں میں غیر معمولی وقار حاصل ہے۔
روسی سفارتخانے نے ایک بار پھر پاکستانی صحافی اشتیاق ہمدانی کو اس عالمی اعزاز کے حصول پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔