روس کی جانب سے بنگلادیش کو 30 ہزار ٹن کھاد کا تحفہ

Grains Grains

روس کی جانب سے بنگلادیش کو 30 ہزار ٹن کھاد کا تحفہ

ماسکو (صدائے روس)
روسی کھاد ساز کمپنی یورالکیم (Uralchem) نے بنگلادیش کو 30 ہزار میٹرک ٹن پوٹاش کھاد بطور انسانی ہمدردی کے تحفے کے طور پر عطیہ کی ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ ترسیل اقوامِ متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام (WFP) کے تحت عمل میں لائی گئی۔ یورالکیم کے چیف ایگزیکٹیو دیمتری کونیاایف (Dmitry Konyaev) نے بیان میں کہا کہ معدنی کھادیں زرعی پیداوار میں اضافے اور خوراک کے استحکام کے لیے نہایت اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
ان کے بقول، “بدقسمتی سے بنگلادیش، جو دنیا کے گنجان آباد ترین ممالک میں سے ایک ہے، موسمیاتی تبدیلیوں، زمین کی قلت اور دیگر عوامل کے باعث شدید زرعی مشکلات کا شکار ہے۔” کونیاایف نے کہا کہ کمپنی اس “انسانی ہمدردی پر مبنی ترسیل” کے ذریعے بنگلادیش کے زرعی شعبے کی پائیدار ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا چاہتی ہے۔ یہ ترسیل یورالکیم کی جانب سے ترقی پذیر ممالک کے لیے ساتویں عطیہ مہم ہے۔ کمپنی اب تک 2 لاکھ 20 ہزار ٹن سے زائد معدنی کھادیں مختلف بھوکے ممالک کو بلا معاوضہ فراہم کر چکی ہے۔

اب تک یہ کھادیں یورپی بندرگاہوں سے ورلڈ فوڈ پروگرام کے چارٹرڈ جہازوں کے ذریعے ملاوی، کینیا، نائیجیریا، زمبابوے، سری لنکا اور اب بنگلادیش کو بھیجی جا چکی ہیں۔ کمپنی کے مطابق، بنگلادیش کو بھیجی جانے والی کھاد لتھوانیا کے گوداموں میں ذخیرہ شدہ تھی۔ روسی حکام کا کہنا ہے کہ 2022 میں مغربی پابندیوں کے بعد سے تقریباً 4 لاکھ میٹرک ٹن روسی کھادیں مختلف یورپی بندرگاہوں (بشمول لٹویا اور اسٹونیا) میں پھنس گئی تھیں۔ یہ ترسیلات روس اور اقوامِ متحدہ کے درمیان جولائی 2022 میں استنبول میں طے پانے والے معاہدے کے تحت جاری کی گئیں، جس کا مقصد زرعی برآمدات کو معمول پر لانا تھا۔ تاہم 2023 میں اناج کا معاہدہ اس وقت منسوخ ہو گیا جب ماسکو نے مغربی طاقتوں پر الزام لگایا کہ انہوں نے روسی خوراک اور کھاد کی برآمدات سے متعلق وعدے پورے نہیں کیے۔ ادھر لٹویا کی وزارتِ خارجہ نے تصدیق کی کہ یہ پانچویں ترسیل ہے جو روسی کھادوں پر مشتمل ہے اور یورپی یونین کی پابندیوں کے تابع کمپنیوں کی ملکیت تھی۔ لٹوین حکام کے مطابق، “یورپی یونین ان ممالک کو امداد فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے جو یوکرین میں روسی جنگ کے باعث پیدا ہونے والے غذائی بحران سے متاثر ہوئے ہیں۔”

Advertisement