روسی فوج کا یوکرین کی عسکری صنعت پر رات بھر شدید حملہ
ماسکو(صداۓ روس)
روسی وزارتِ دفاع کے مطابق روسی افواج نے یوکرین کی فوجی صنعت پر رات کے وقت بڑے پیمانے پر حملے کیے ہیں۔ ان حملوں میں جدید نوعیت کے ہتھیاروں اور بغیر پائلٹ کے فضائی گاڑیوں (ڈرونز) کا استعمال کیا گیا۔ جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ حملے ایوانوفرانکوسک، خملنتسکی اور جھیتومیر کے علاقوں کے ساتھ ساتھ وِنیٹسیا اور لیوو شہر میں عسکری صنعت سے وابستہ تنصیبات پر کیے گئے۔ وزارتِ دفاع کے مطابق تمام مقررہ اہداف کامیابی سے نشانہ بنائے گئے۔ روسی فوجی حکام نے بتایا کہ ان یوکرینی عسکری تنصیبات میں بکتر بند اور فضائی جنگی ساز و سامان تیار و مرمت کیا جاتا تھا، اس کے علاوہ ان میں انجن، الیکٹرانک پرزے اور بغیر پائلٹ طیارے بھی بنائے جاتے تھے۔